Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کا شیڈول...
شائع 11 فروری 2021 12:08pm

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ، ملک بھر میں سینیٹ انتخابات 3 مارچ کوہوں گے ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3مارچ کو ہوگی،پولنگ کا عمل 3 مارچ کو صبح 9 سے لے کر شام 5 تک جاری رہے گا۔

اسلام آباد کیلئے اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ ظفر اقبال حسین، پنجاب کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان، سندھ کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، خیبرپختونخوا کیلئےصوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ جبکہ بلوچستان کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق ریٹرننگ افسر ہوں گے۔

انتخابی شیڈول کے تحت امیدوار 12 سے 13 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے جس کے بعد نامز دامیدواروں کو ابتدائی فہرست 14 فروری کو جاری ہوگی ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی اسکرونٹی کا عمل 15 سے 16 فروری کے درمیان کیا جائے گا اور کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں اپیلیں 17 سے 18 فروری کے دوران دائر ہوسکیں گی،امیدواروں کے اعتراضات 19 اور 20 فروری کو نمٹائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو جاری کرے گا جبکہ سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہونے کیلئے امیدوار 22 فروری تک کاغذات واپس لے سکیں گے۔

ECP

اسلام آباد

Senate election

شیڈول