ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا باقاعدہ آغاز
اسلام آباد:ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگیا،اسلام آباد، سندھ،خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ویکسین لگائی گئی۔
اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی )میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کی مرکزی تقریب ہوئی ،جہاں اسد عمر مہمان خصوصی تھے، اس کے علاوہ چاروں وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ بھی مرکزی تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
این سی او سی میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین دی گئی اور اس موقع وفاقی وزیر اسد عمر، فواد چوہدری، چینی سفیر اور این سی او سی کے حکام سمیت طبی عملہ بھی موجود تھا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے فرنٹ ہیلتھ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتےہوئے کہا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے جانیں خطرے میں ڈالیں، قوم ان ہیلتھ ورکرز کی ہمیشہ شکرگزار رہے گی۔
اسد عمر نے کہا کہ ملک پر مشکل وقت میں سب متحد ہوجاتے ہیں، انسدادکورونا میں وزارت صحت نےاہم کرداراداکیا،وزارت صحت نےویکسین کواسٹوراورترسیل کےانتظامات کئے،وہ تمام وزرائے اعلیٰ کے تعاون کے شکرگزار ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے مزید کہا کہ این سی اوسی کی مثبت حکمت عملی سےکوروناکوکنٹرول کیا،ویکسین کی فراہمی پرچین کےشکرگزار ہیں ،چین نے اچھے دوست ہونےکا ثبوت دیا،آسٹرازینیکاکی ویکسین بھی جلدآنے والی ہے۔
معاون خصوصی صحت فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن ورکرز کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
پنجاب ہاوس اسلام آبا میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا ویکسین لگانے کی مہم کا افتتاح کردیا اور کہا کہ پنجاب کو 70 ہزار ڈوزز ملی ہیں۔
کراچی میں ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا سینٹر میں تقریب ہوئی، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ معلوم نہیں پانچ لاکھ ویکسین کس طرح تقسیم کی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کو 10ہزار ڈوز فراہم کی گئی ہیں۔
پشاور میں بھی کورونا ویکسی نیشن کا عمل شروع ہوگیا، نصیر اللہ بابر اسپتال میں وزیراعلیٰ کی فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر آسیہ نے افتتاح کیا۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ویکسین لگانے کا آغاز ہوگیاتاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث لاہور میں ویکسی نیشن کا عمل شروع نہ ہوسکا۔
کورونا ویکسین کیلئے ملک بھر میں 582سینٹر قائم
کورونا ویکسین کیلئے ملک بھر میں 582سینٹر قائم کےر گئے ہیں، پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جارہی ہے عام شہری ڈبل ون ڈبل سکس پر میسج کے ذریعے ویکسین کیلئے اندراج کراسکیں گے۔
ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کا آغازہوگیا، کل 582سینٹرز قائم کئے گئے ہیں، وفاق کے تحت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کو فراہم کر دی گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 189، سندھ میں 14،خیبرپختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 ،اسلام آباد میں 14، آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں 16 مراکز قائم کردیئے گئے ہیں، صوبے، ضلع اور تحصیل کی سطح پر سینٹرز بنائے گئے ہیں۔
این سی او سی نرو سینٹر کے طور پر کام کرے گا، تمام آپریشن ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جائے گا، ویکسی نیشن کا عمل نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت کام کرے گا۔
یاد رہے کہ چین سے 5لاکھ ویکسین لے کر پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ یکم فروری کو پاکستان پہنچا تھا ۔
Comments are closed on this story.