Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

گریٹا تھنبرگ نے ٹرمپ کے پرانے طعنے کا جواب دیدیا

ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم نوجوان سماجی کارکن گریٹا تھنبرگ نے سابق...
اپ ڈیٹ 21 جنوری 2021 01:40pm

ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم نوجوان سماجی کارکن گریٹا تھنبرگ نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سال 2019 میں اپنی تقریر پر کیے گئے طنز کا جواب دے دیا۔

سال 2019 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گریٹا تھنبرگ کا مذاق اڑایا تھا، اب گریٹا نے موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ٹرمپ کو اُن کے ہی الفاظ سے اُنہیں کرارا جواب دیا ہے۔

گریٹا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس سے روانگی کی ایک تصویر شیئر کی اور کیپشن میں ترمیم کے ساتھ وہی الفاظ استعمال کیے جو ٹرمپ نے اُن کے لیے سال 2019 میں اپنے ایک ٹوئٹ میں کیے تھے۔

گریٹا نے ٹرمپ کی مدتِ صدارت ختم ہونے اور وائٹ ہاؤس چھوڑنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ایک پُرجوش معمر شخص روشن اور شاندار مستقبل کا منتظر ہے، یہ دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔‘

یاد رہے کہ 2019 میں گریٹا نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام میں شرکت کی تھی اور امریکا سمیت دنیا بھر کی ماحولیاتی پالیسیوں پر ایک جاندار تقریر کی تھی اور پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی تھی۔

گریٹا کی تقریر کے ردعمل میں ٹرمپ نے طنزیہ ٹوئٹ کیا تھا کہ ’اسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ایک پُرجوش نوجوان لڑکی روشن اور شاندار مستقبل کی منتظر ہے، یہ دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔‘

یاد رہے کہ اس سے قبل صدارتی انتخابات کے دوران بھی گریٹا نے ٹرمپ کی صورتحال کو اپنے ٹوئٹ میں انہی کے الفاظ میں ٹرول کیا تھا۔

Donald Trump

Tweet