Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ویڈیو: چھاپے کے دوران اسرائیلی فوجی کی فلسطینی دکان سے چوری

فلسطین میں ‌قابض اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے آئے روز چھاپوں کے...
شائع 30 دسمبر 2020 10:20am

فلسطین میں ‌قابض اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے آئے روز چھاپوں کے دوران لوٹ مار کے واقعات بھی سامنے آتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں خفیہ کیمرے میں محفوظ ہوگیا جب اسرائیلی فوجی نے ایک فلسطینی شہری کی دکان پر چھاپے کے دوران وہاں پر چوری کی واردات بھی کی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ‌ کے مطابق فلسطینی شہری کی دکان سے چوری کرنے پر اسرائیلی فوج کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ چوری کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس فوجی کی شناخت کرلی گئی جس کے بعد فوج نے اسے 28 دن کی سزا سنائی ہے۔

اسرائیلی فوج نے منگل کواعتراف کیا کہ "پیراٹروپرس بریگیڈ" کے کمانڈر نے ایک فوجی کو 28 دن کی قید کی سزا سنائی جس میں 14 دن اسے نگرانی میں رکھا جائے گا۔ اس فوجی اہلکار پر ایک فلسطینی قصبے میں چھاپے کے دوران ایک فلسطینی شہری کی دکان سے سیگریٹ کا ایک پیکٹ چوری کیا تھا۔

اسرائیلی میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس واقعے کو اپنے لیے شرمندگی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غیر روایتی اور غیرقانونی ہے۔ فلسطینی حلقوں نے اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر خوب وائرل کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ چوری کرنے والے اہلکار نے سیگریٹ کا پیکٹ اٹھایا گیا مگر اسے جب احساس ہوا کہ اس نے غلط حرکت کی ہے تو اس نے پیکٹ پھینک دیا تھا۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق چوری کا یہ واقعہ جینن میں واقع "بجع" نامی قصبے میں ہونے والی تلاشی کے دوران پیش آیا۔ اسرائیل کے 'کے اے این' چینل کے مطابق چوری مغربی کنارے میں کچھ مطلوب افراد کی گرفتاری کے دوران ہوئی ہے۔چوری میں پکڑے جانے والے فوجی نے چوری کا اعتراف کیا ہے جس کے بعد اسے 28 دن قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

Palestine

Israeli Forces