روسی سفارت خانے کی جانب سے 28 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں ہوئے ہیلی کاپٹر حادثے کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں ایک بیلاروسی اور دو روسی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
روسی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان میں واقع روسی سفارت خانے کی جانب سے نہایت افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ 28 ستمبر کو شمالی وزیرستان خیبر پختونخواہ میں پیش آنے والے حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دو روسی شہریوں نکولائی ریباکووچ اور سیمویل مردوئین اور ایک بیلا روسی پائلٹ سرگئی کوشیلوف کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ہم اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ اور احباب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں‘۔
خیال رہے کہ 28 ستمبر بروز ہفتہ شمالی وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کمپنی کا چارٹرڈ ہیلی کاپٹر شیوہ آئل فیلڈ کے نزدیک اڑان بھرتے ہی تکنیکی فالٹ کی وجہ سے کریش کر گیا تھا۔
حادثے کا شکار ہوئے ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر میں تین غیر ملکی پائلٹس اور کریو سمیت 14 مسافر سوار تھے، حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔
حادثے کے دوسرے دن حادثے کے شکار ہیلی کاپٹر کی تصاویر جاری کی گئی تھیں۔
ایوییشن ذرائع سے سامنے آنے والی اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر پاکستان میں چارٹرڈ پروازیں فراہم کرنے والی کمپنیاں پرنسلے جیٹ نے روس سے ویٹ لیز پر حاصل کیا تھا یعنی اسے عملے سمیت لیز کیا گیا تھا۔