اسلام آباد: چینی اور پاکستانی کمپنیاں پاکستان میں ماحول دوست سولر ای بائک متعارف کرانے کے لیے ابتدائی تعاون کے معاہدے پر پہنچ گئی ہیں۔
بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں الیکٹرک اسکوٹر برانڈ ’روڈ کنگ‘ اور شمسی توانائی سے چلنے والے سکوٹرز میں مہارت رکھنے والا چین میں قائم ایک اسٹارٹ اپ AGAO سولر موبلٹی کے مابین معاہدہ ہوگیا ہے۔
چائنا اکنامک نیٹ کی رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین نے پاکستان میں مقامی نقل و حمل کی مارکیٹ کی طلب، مصنوعات کی ترقی کے رجحانات، اور تعاون کے مخصوص طریقوں کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔
کمپنی نے کہا کہ سولر اسکوٹر، سولر پینلز سے لیس، اسکوٹر کی بیٹری کو چارج کرنے کے لیے شمسی توانائی کا استعمال کرتے ہیں، روایتی چارجنگ طریقوں کی ضرورت کو کم کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا یوم آزادی سے سولر پینل کی تقسیم شروع کرنے کا فیصلہ
چینی کمپنی نے روڈ کنگ کو تکنیکی مدد، پروڈکٹ کو بہتر بنانے اور سولر ای بائیکس کے لیے مارکیٹنگ میں مدد فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اس کا مقصد مشترکہ طور پر اعلیٰ معیار کی نقل و حمل کی مصنوعات تیار کرنا ہے جو مقامی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔
روڈ کنگ کے وفد نے کہا کہ ”ہم چین کے ساتھ تعاون کو فعال طور پر فروغ دیں گے اور پاکستانی مارکیٹ میں سولر ای بائیکس متعارف کرائیں گے۔“