نئے سال کے آغاز پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی پیغام جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرے نیا سال پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کے لیے خوشحالی کے ساتھ ساتھ سیاسی اور معاشی استحکام لائے۔
صدر مملکت نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر ہمیں فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔
دوسری جانب سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر نے سال نو کے آغاز پر جاری اپنے پیغام میں مسلح افواج کی جانب سے ’پاکستان کے قابل فخر عوام کو‘ نئے سال کی مبارکباد دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 2023 کا ایک مشکل لیکن اہم سال اختتام پذیر ہوگیا، 2024 پاکستان کے لیے اندرونی اور بیرونی لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان اور عوام ایک ہیں، پاکستان کے جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔