کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملے میں ہلاک دہشت گرد کفایت اللہ کے گھر پر فورسز نے چھاپا مارا اور اس کے اہل خانہ سے تفتیش کی۔
فورسز کی جانب سے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملے میں ہلاک دہشت گرد کفایت اللہ کے لکی مروت گھر پر لکی کے تھانا صدر میں وانڈا امیر خان کی حدود میں چھاپہ مار کر ہلاک دہشت گرد کے اہل خانہ سے تفتیش کی گئی۔
ہلاک دہشت گرد کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ کفایت اللہ کو گھر میں باندھ کر رکھا لیکن وہ 5 ماہ قبل گھر سے فرار ہوگیا تھا، ہمارا خیال تھا کہ کفایت اللہ افغانستان چلا گیا ہے تاہم گزشتہ روز حملے بعد پتا چلا وہ پاکستان میں ہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم
پولیس کے مطابق کفایت اللہ کی عمر 22 سے 23 سال تھی جو تربیت یافتہ تھا، ہلاک دہشت گرد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ٹیپوگل گروپ سے تھا اور یہ افغانستان میں بھی لڑتا رہا ہے جب کہ کفایت اللہ خیبر پختونخوا میں پولیس پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔