Aaj Logo

شائع 24 ستمبر 2022 08:17pm

اٹھارویں ترمیم: وفاق کا صوبے میں ترقیاتی کام کرانا ممکن نہیں: عمران خان

سابق وزیراعظم اور چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اٹھارویں ترمیم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اس ترمیم کے تحت صوبے میں ترقیاتی کام نہیں کر سکتا۔

آج نیوز کے پروگرام ’آج رانا مبشر کے ساتھ‘ میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تمام اختیارات صوبے کے پاس چلے گئے، سندھ حکومت نے ہر جگہ ہمارے لیے رکاوٹیں کھڑی کیں جس کے باوجود ہم نے سندھ کو اپنے صوبوں سے زیادہ پیسہ دیا، لیکن اٹھارویں ترمیم کے بعد اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وفاق صوبے میں ترقیاتی کام کرسکتا ہے تو یہ ممکن نہیں۔

ایئر پورٹ اور بندر گاہوں کی سکیورٹی اور ترقی کے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اس کی تفصیلات آپ کو صحیح طور پر سابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی دے سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع ہونی چاہیے، عبوری حکومت اگلا آرمی چیف مقرر نہیں کرسکتی، عمران خان

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ ہمیشہ رہے گا کیونکہ جو صوبائی حکومت اندرون سندھ سے ووٹ لے کر آتی ہے، اس کا مقصد صرف کراچی سے چوری کرکے پیسہ بنانا ہوتا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کی کرپشن نے سارے پاکستان کے ریکارڈ توڑے ہوئے ہیں، آصف زرداری اور مراد علی شاہ سمیت ان سب پر کیسز بنے ہوئے ہیں تاہم اس وقت نیب ہمارے کنٹرول میں نہیں تھا ورنہ ان کے تو اوپن اور شٹ کیسز تھے۔

Read Comments