Aaj News

اتوار, اپريل 27, 2025  
29 Shawwal 1446  

کیا اب گاڑی سے ہارن نہیں بانسری، طبلہ، وائلن، ہارمونیم کی آواز آئے گی؟

بھارتی وزیر ٹرانسپورٹ کی تجویز پر سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے
شائع 24 اپريل 2025 07:02pm

بھارت میں روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نے کہا ہے کہ وہ ٹریفک کے شور کو خوشگوار بنانے کیلئے گاڑیوں کے ہارن کی جگہ بھارتی موسیقی کے آلات کی آوازوں کو متعارف کروانے کے لیے ایک قانون لے کر آ رہے ہیں۔

اس تجویز پر انٹرنیٹ صارفین کچھ اس کے حق میں اور کچھ مخالفت میں خوب کمنٹس لکھ رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نیتن گڈکری نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ روایتی گاڑیوں کے ہارن پر پابندی عائد کرنے اور اس کی جگہ صرف بھارتی موسیقی کے آلات سے متاثر آوازوں کے استعمال کو لازمی بنانے کیلئے قانون لانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ جیسے بانسری، طبلہ، وائلن، ہارمونیم کی آوازوں والے ہونے چاہئیں، تاکہ یہ سننے میں خوشگوار ہو۔

اگرچہ کچھ لوگوں نے گڈکری کے اقدام کا خیرمقدم کیا، تو کچھ نے میمز شیئر کر کے طنز کیا۔ کچھ نے تو وزیر سے درخواست کی کہ وہ نئے قوانین نافذ کرنے سے پہلے سڑکوں اور ٹریفک کی بدحالی کو درست کریں۔

ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ نیتن گڈکری کے اختراعی خیالات کی بدولت، اب ہم ٹریفک میں نہیں پھنسیں گے۔ ہم کلاسیکی موسیقی کے کنسرٹ میں پھنس جائیں گے۔

ایک اور صارف نے اس خبر پرایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’’نیتن گڈکری کیا ہم ڈمرو، سارنگی اور بانسری ٹھیک کرنے سے پہلے ٹریفک کے انتشار اور سڑکوں پر بڑے پیمانے پر بدعنوانی کو درست کر سکتے ہیں؟

سوشل میڈیا صارفین نے مزید لیکھا کہ بچے سڑکوں پر سائیکل نہیں چلا سکتے، فٹ پاتھوں پر بائیکر قابض ہیں، رکشہ، آٹو اور بسیں بغیر کسی قانون کے خوف کے چلتی ہیں، ہارن بجانا اب لوگوں کیلئے مجبوری نہیں، بلکہ ایک شوق بن گیا ہے، یہ سب اس لیے کہ ٹریفک کے قوانین کی کوئی اہمیت نہیں، براہ کرم اسے درست کریں سر’’۔

Vehicle horns

change soon

tabla tones