Aaj News

جمعرات, مئ 15, 2025  
17 Dhul-Qadah 1446  

پاکستان رینجرز نے سرحد پار کرنے والے بھارتی فوجی کو حراست میں لے لیا

بی ایس ایف اہلکار نے پاکستانی سرحد عبور کی تھی، بھارتی میڈیا
شائع 24 اپريل 2025 06:16pm

پاکستان رینجرز نے سرحد پار کرنے والے بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکار کو حراست میں لے لیا، بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ایف اہلکار نے پاکستانی سرحد عبور کی تھی۔

پاکستان رینجرز نے بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی پر ایک بی ایس ایف اہلکار کو حراست میں لے لیا۔ بھارتی میڈیا نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ اہلکار نے غلطی سے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر سرحد پار کی۔

ذرائع کے مطابق واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا جب بھارتی بی ایس ایف کا ایک جوان معمول کی گشت کے دوران بین الاقوامی سرحد عبور کر کے پاکستانی علاقے میں داخل ہو گیا، جس پر پاکستان رینجرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اہلکار کو حراست میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ غیر ارادی طور پر پیش آیا اور بھارتی حکام پاکستان سے اہلکار کی جلد واپسی کے لیے رابطے میں ہیں۔

پاکستانی حکام کی جانب سے فی الحال واقعے پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم سفارتی ذرائع کے مطابق اہلکار کی شناخت اور نیت کی تصدیق کے بعد معاملے کو دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ یا سفارتی چینلز کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، اس واقعے سے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہو سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کے متعدد اقدامات پر سخت ردعمل کا اعلان کیا ہے۔

حالیہ دنوں میں جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات مزید کشیدہ ہو چکے ہیں، جس سے اس معمولی نوعیت کے واقعے کی پیچیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

منگل کے روز پہلگام کے بائیسارن علاقے میں پیش آئے اس المناک واقعے میں کم از کم 26 سیاح ہلاک ہوئے۔

حملہ آوروں نے تفریح کے لیے موجود افراد کو نشانہ بنایا، جن میں زیادہ تر مرد سیاح شامل تھے۔ یہ حملہ 2019 کے پلوامہ سانحے کے بعد وادی میں سب سے بڑا شہری نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارت اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتا رہا ہے، تاہم پاکستان کی جانب سے اس الزام کی تردید کی جاتی رہی ہے۔