Aaj News

پیر, اپريل 28, 2025  
29 Shawwal 1446  

بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان نے جوابی فیصلوں سے آگاہ کردیا

پاکستان نے ایک ڈی مارش بھارتی ناظم الامور کے حوالے کیا
شائع 24 اپريل 2025 06:59pm

دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاج کیا اور بھارت کے جارحانہ اقدامات پر احتجاجی مراسلہ تھما دیا جبکہ پاکستان نے اپنے جوابی فیصلوں سے تحریری آگاہ کردیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ناظم الامور گیتکا سری واستو کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا جس پر وہ دفتر خارجہ پہنچیں تاہم پاکستان نے ایک ڈی مارش بھارتی ناظم الامور کے حوالے کیا۔

دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور گیتکا سری واستو کو باضابطہ تحریری طور پر پاکستانی فیصلوں سے آگاہ کیا، فیصلے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اجلاس میں کیے گیے ہیں، یہ فیصلے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں سول و عسکری قیادت کی ہدایات کی روشی میں کیے گیے ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمشن کے ڈیفنس، ائیر اور نیول اتاشی کو ناپسندیدہ قرار دینے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی ڈیفنس، نیول اور ایئر اتاشی و سپورٹنگ سٹاف کو پاکستان چھوڑنے کے فیصلے اور پاکستان بھارتی ناظم الامور کو سفارتی تعلقات نچلی سطح پر لانے کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان نے جوابی فیصلوں سے آگاہ کردیا

ذرائع نے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کو 30 افراد تک محدود کرنے کے فیصلے اور سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھورنے، واہگہ چیک پوسٹ بند کرنے کے فیصلے سے متعلق بھی انتباہ جاری کیا۔

علاوہ ازیں پاکستان نے بھارت کو باضابطہ تمام بھارتی کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کرنے کے فیصلے سے بھی خبردارکر دیا جبکہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی یک طرفہ معطلی کے جواب میں شملہ و دیگر پاک بھارت معاہدے معطل کرنے کے امکانات کا بھی عندیہ دیا۔

سفارتی ذرائع کا مزید کہنا تھاکہ پاک بھارت تجارت بشمول بلواسطہ تجارت کی معطلی کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں منگل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ روز سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام باد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔

بعد ازاں، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

foreign office

Pakistan Foreign Office

Indian Media Propaganda

Pahalgam Indian occupied Kashmir

pahalgam attack

Pahlgam attack