Aaj News

بدھ, اپريل 30, 2025  
02 Dhul-Qadah 1446  

پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشتگرد ہلاک، متعدد زخمی

دہشتگرد بھاری اسلحے، راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈ سے لیس تھے، دو اہلکار شدید زخمی ہوئے، ترجمان پولیس
شائع 23 اپريل 2025 03:14pm

پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سرحدی پٹی پر تونسہ شریف کے مقام پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پولیس، سی ٹی ڈی اور رینجرز کی مشترکہ آپریشن کوتانہ تل کے علاقے میں کیا گیا جہاں دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس ترجمان کے مطابق دہشتگرد بھاری اسلحے، راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈ سے لیس تھے۔ کارروائی کے دوران دو دہشتگرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دہشتگرد جھاڑیوں کی آڑ لے کر پسپائی اختیار کر گئے۔

مقابلے میں ایلیٹ فورس کے اہلکار عدنان حبیب اور سی ٹی ڈی کے اہلکار غضنفر شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ زخمی دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو تلاش کیا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی دہشتگردوں کی سرحدی علاقوں میں ممکنہ نقل و حرکت کو روکنے اور امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے کی گئی تھی۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔

terrorist attack

Punjab KPK Border