Aaj News

بدھ, اپريل 30, 2025  
02 Dhul-Qadah 1446  

ہری پور : چوکیدار کو کام کا کہنا ٹیچر کو مہنگا پڑگیا

چوکیدار نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اینٹوں اور ڈنڈوں سے لیس ہو کر اسکول پر دھاوا بول دیا۔
شائع 23 اپريل 2025 02:20pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

ہری پور کے نواحی علاقے ناڑہ امازئی میں ایک سرکاری اسکول میں تعینات ٹیچر کو چوکیدار کو کام کا کہنے پر سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔ گورنمنٹ دیو پرائمری اسکول میں چوکیدار گوہر رحمان نے 12 ساتھیوں کے ہمراہ اسکول پر حملہ کر دیا۔

ٹیچر بلال افضل کے مطابق چوکیدار گوہر رحمان اینٹوں اور ڈنڈوں سے لیس ہو کر اسکول میں داخل ہوا جبکہ اس کے ساتھی بھی بھرپور ساتھ دے رہے تھے۔ حملے کے وقت اسکول میں موجود بچوں اور ٹیچرز نے کلاس روم کو اندر سے بند کر کے اپنی جان بچائی۔

ٹیچر نے بتایا کہ مذکورہ چوکیدار اسکول میں حاضر نہ ہونے کے باوجود اپنی حاضری لگاتا رہا ہے اور ماضی میں بھی ٹیچرز کو دھمکانے کے الزامات میں جیل جا چکا ہے۔

سیہون میں اسکول پر حملہ، مسلح افرادکی فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی

واقعے کے بعد ٹیچر بلال افضل نے اسکول پر حملے کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔ متاثرہ اسکول میں 80 بچوں کے لیے صرف دو ٹیچرز اور ایک چوکیدار تعینات ہے جس سے تعلیمی عمل اور تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات جنم لے رہے ہیں۔

واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے اور تعلیمی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ تعلیمی اداروں کا تقدس اور تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

chakwal

School Attack

Watchman