Aaj News

جمعرات, مئ 01, 2025  
03 Dhul-Qadah 1446  

کینالز تنازعہ: سندھ حکومت کی مظاہرین سے سڑکیں بند نہ کرنے کی اپیل

عوام کو چاہیے کہ اپنے غصے کا اظہار ملک کو نقصان پہنچا کر نہ کریں، شرجیل میمن
شائع 22 اپريل 2025 10:13am

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کینال کے معاملے کو عوامی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اس معاملے میں سندھ کے عوام کی نمائندگی کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سندھ نے مختلف اوقات میں کینال منصوبے پر اپنے اعتراضات ریکارڈ کرائے ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت اس مسئلے پر بات چیت کے لیے تیار ہے تو یہ ایک خوش آئند قدم ہے، کیونکہ مسائل کا حل صرف مکالمے اور افہام و تفہیم میں ہے۔

نہروں کیخلاف احتجاج، وکلا نے ٹرینیں روکنے کی دھمکیاں دے دی، پی پی کو حکومت چھوڑنے کا الٹی میٹم

انہوں نے احتجاجی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مقامات پر جاری مظاہروں کے باعث مال مویشی سے بھرے کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں، جس کے باعث خوراک کی اشیاء خراب ہورہی ہیں، اور معاشی نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، لیکن عوام کو چاہیے کہ اپنے غصے کا اظہار ملک کو نقصان پہنچا کر نہ کریں۔

نئی نہروں پر احتجاج، ہائی ویز پر پھنسے کنٹینرز کا سامان خراب ہونے لگا

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مظاہرین سے بات چیت کے ذریعے مسائل کا پرامن حل نکالا جائے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کا مقدمہ ہر فورم پر لڑے گی، اور کسی بھی سطح پر مذاکرات حکومت سے حکومتی سطح پر ہی ہوں گے۔ مظاہرین سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سڑکیں اور ریل کی پٹریاں بند نہ کریں، کیونکہ اس سے صرف عام آدمی متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ تمام فریقین کو چاہیے کہ سنجیدگی سے معاملے کو حل کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

Sharjeel Memon

New Canals

Canals on Indus River

sindh river canal issue