پہلی بار گنڈا پور ملکی مفاد کے لیے کھڑے ہو رہے ہیں، اختیار ولی خان
اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ پہلی بار گنڈا پور ملکی مفاد کے لیے کھڑے ہو رہے ہیں، صوبے سے کوئلہ، جسپم اور دیگر معدنیات نکالی جا رہی ہیں مگر عوام کو فائدہ نہیں ہو رہا۔ علی امین گنڈا پور کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
آج نیوز کے پروگرام انسائٹ وِد عامر ضیا میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوارڈینیٹر برائے خیبر پختون خوا اختیار ولی خان نے کہا کہ کے پی میں مائننگ پر طویل عرصے سے پابندی ہے مگر مائننگ رکی نہیں ہے، کوئلہ، جسپم اور دیگر معدنیات نکالی جا رہی ہیں مگر عوام کو فائدہ نہیں ہو رہا۔
اختیار ولی خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خیبر پختون خوا کی معدنیات کی آمدنی چند مخصوص سیاسی لوگ کھا رہے ہیں، علی امین گنڈا پور کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
وزیراعظم کے کوارڈینیٹرنے کہا کہ پہلی بار علی امین گنڈا پور ملکی مفاد کے لیے کھڑے ہو رہے ہیں۔ اس وقت پی ٹی آئی میں علی امین گنڈا پور کا گروپ مضبوط ہے، گنڈا پور کو چھیڑا گیا تو وہ بانی پی ٹی آئی کو خدا حافظ کہہ سکتے ہیں۔
اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کو انڈر مائنڈ کیا جا رہا ہے تو ایسی کوئی بات نہیں، ایمل ولی خان کو سیاست کرنی ہے تو کر لیں، وہ اس صوبے سے تعلق رکھتے ہیں ان کی پارٹی نے جدو جہد بھی کرنا ہے اس کے لیے۔
آج نیوز کے پروگرام میں انھوں نے مزید کہا کہ ایمل ولی خان اگر اپنا مؤقف لے کر آتے ہیں تو ضرور لائیں۔ جب ان کا کوئی بیان سامنے آئے گا تو میں اس کا جواب بھی دے دوں گا۔
Comments are closed on this story.