Aaj News

ہفتہ, مئ 03, 2025  
05 Dhul-Qadah 1446  

جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر، ججز ٹرانسفر پر سیکریٹری اور رجسٹرار نے جواب جمع کرا دیا

جوڈیشل کمیشن کا آئندہ اجلاس 19 مئی کو طلب کیا گیا ہے
شائع 19 اپريل 2025 03:04pm

اسلام آباد میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا دو مئی کو طے شدہ اہم اجلاس مؤخر کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اب یہ اجلاس 19 مئی کو طلب کر لیا ہے، جس میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کی تقرری کے معاملات زیر غور آئیں گے۔

اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری پر بھی مشاورت کی جائے گی، جب کہ سندھ، بلوچستان اور پشاور ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کے ناموں کی منظوری بھی دیے جانے کا امکان ہے۔ اجلاس کی صدارت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ ججز ٹرانسفر اور سینیارٹی کیس میں پیشرفت

سپریم کورٹ میں زیر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی ٹرانسفر اور سینیارٹی سے متعلق کیس میں جوڈیشل کمیشن نے اپنا تحریری جواب جمع کروا دیا ہے۔

جوڈیشل کمیشن کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کمیشن کا مینڈیٹ آئین کے آرٹیکل 175(A) میں واضح کیا گیا ہے، جس کے تحت سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور فیڈرل شریعت کورٹ میں ججز کی تقرری بنیادی ذمہ داری ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ججز کی ٹرانسفر کے معاملے میں آئینی طور پر جوڈیشل کمیشن کا کوئی کردار نہیں۔

تحریری جواب سیکریٹری جوڈیشل کمیشن، نیاز محمد کی جانب سے جمع کروایا گیا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ اور وزارت قانون کا مؤقف

دوسری جانب رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں آئین کے آرٹیکل 200(1) کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کے تحت صدر مملکت جج کی ٹرانسفر کا اختیار رکھتے ہیں۔

وزارت قانون نے بتایا کہ یکم فروری کو چیف جسٹس آف پاکستان سے ججز کی ٹرانسفر پر رائے طلب کی گئی تھی، اور چیف جسٹس نے اسی روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے ججز کی ٹرانسفر پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے معاملہ واپس وزارت کو بھیج دیا تھا۔

Supreme Court of Pakistan

judicial commission

Judges Seniority Case

Judges transfer Case