Aaj News

اتوار, مئ 04, 2025  
06 Dhul-Qadah 1446  

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کینالز کے معاملے پر شہباز حکومت کی حمایت ختم کرنے کی دھمکی دے دی

پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی کا خطاب
اپ ڈیٹ 18 اپريل 2025 11:41pm
Bilawal Bhutto Threatens to Withdraw Support Over Canals - Aaj News

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹونے کینالز کے معاملے پر شہباز حکومت کی حمایت ختم کرنے کی دھمکی دے دی۔ حیدرآباد میں جلسے سے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہباز شریف کو دو بار وزیراعظم بنوایا، پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں، شیر والوں کا ہر منصوبہ کسان دشمن ہوتا ہے۔ دو کینالز کی منظوری پی ٹی آئی دور میں ہوئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ہٹری بائی پاس حیدرآباد پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ کل عمرکوٹ میں پی پی امیدوارکامیاب ہوئی ہیں، سندھ کےعوام باربارثابت کر چکے کہ وہ ہمارےساتھ ہیں، عمرکوٹ میں پی ٹی آئی اور ن لیگ بھی ایک پیج پرتھے۔ میں عمرکوٹ کےعوام کو شکر گزار ہوں، عمرکوٹ نےعوام نے مخالفین کو تاریخی شکست دی، ہمارے مخالفین منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمرکوٹ کےعوام نے اسلام آباد والوں کو شکست دی، کچھ لوگ عوام اورمیرے درمیان فاصلہ بنانا چاہتے تھے، سندھ کےعوام آج بھی شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ ہیں، سندھ کےعوام کینالز منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، ہم جب بھی نکلتے ہیں تاریخی شہر حیدرآباد ضرورآتے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کہتے ہیں ملک میں انقلاب لانا ہے تو حیدرآباد کو ساتھ لانا ہے، ہم پاکستان کھپے کہنے والے ہیں، نا کھپے کہنے والے نہیں، بے نظیر بھٹو کو وفاق کی زنجیرکہا جاتا تھا، بی بی کی شہادت پر پاکستان نہ کھپے کی باتیں کی گئیں، صدرزرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے کٹھ پتلی کو بھگانے کا وعدہ پورا کر دکھایا، قیدی نمبر 804 نے بھی 2 کینالوں کی منظوری دی تھی، پی ٹی آئی دور میں بھی صرف پیپلز پارٹی نے مخالفت کی تھی، پانی کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، پہلی بارتحریک عدم اعتماد لا کر پی ٹی آئی حکومت ختم کی، شہید بے نظیر بھٹو بھی پانی کی جنگ لڑ چکی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے متنازع ڈیمز کے خلاف آواز اٹھائی تھی، متنازع ڈیمز کے خلاف ملک بھر سے قافلے نکلے تھے، چاروں صوبوں سے ایک ساتھ احتجاج کیا گیا تھا، اسلام آباد والوں اندھے ہیں، بہرے ہیں، سننے اور دیکھنے کو تیار نہیں، ہم مخالفت برائے مخالفت نہیں، اصولوں کی وجہ سے کر رہے ہیں، وزیراعظم کو حیدرآباد آ کر عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہئے، حیدرآباد کے عوام نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنایا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں وزارتیں نہیں چاہئیں، ہمیں صرف عزت چاہئے، میں شہبازشریف اورحیدرآباد کے عوام میں سے حیدرآباد کےعوام کو چنوں گا، شیر والے بس عوام کا خون چوس رہے ہیں، حکومت کا ہر منصوبہ کسان دشمن ہے، پنجاب کا کسان اور سندھ کا ہاری جائے تو جائے کہاں؟ ہماری زرعی شعبے کے معاشی قتل کا بندوبست ہوچکا، پانی کی قلت آج کی نہیں، سالوں سال سے ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے خطاب میں کہا کہ چولستان اور تھرپار بھی میرے اپنے ہی ہیں، ہم سندھو پر سمجھوتا نہیں کریں گے، اپنے اصولوں پرسودا نہیں کریں گے، ہم نے بہت مشکل وقت دیکھے ہیں اب بھی دیکھ لیں گے، یہ سمجھتے ہیں کہ دھمکیوں سے پیپلز پارٹی والوں کو ڈرا لیں گے، عوام کا اعتماد نسلوں سے میرے ساتھ ہے، حکومت اپنا منصوبہ چھوڑ دیں، میں عوام کو نہیں چھوڑوں گا، اسلام آباد والوں سے کہتا ہوں آ کر حیدرآباد کےعوام کا جوش دیکھیں۔

انھوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں پیچھے ہٹوں گا، میرے پاس نہ فام 47 اور نہ ہی سلیکٹڈ ہونے کا سرٹیفیکٹ ہے، تم سے پہلے وہ جو اک شخص یہاں تخت نشیں تھا، اس کو بھی اپنے خدا ہونے پہ اتنا ہی یقیں تھا، حکومت ہمارے اعتراضات مانے، ورنہ پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ نہیں چل سکے گی۔

خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے 25 اپریل کو سکھر میں جلسے کا اعلان کرتے یوئے کہا کہ 25 اپریل کو ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہرائیں گے، سب کو سکھر جلسے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔

مراد علی شاہ کا خطاب

وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جتنے لوگ جلسہ گاہ کے اندر ہیں اتنے ہی باہر بھی ہیں، کل عمرکوٹ کےعوام نے 2024 سے زیادہ ووٹ دیا، کوئی سندھ کےپانی کا بچاؤ کر سکتا ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے، ہم سندھ کے حق پر کوئی سودا نہیں ہونے دیں گے۔

مرادعلی شاہ نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کے خلاف بھی بھرپورمہم چلائی تھی، سندھ کےعوام پیپلزپارٹی کے پیچھے کھڑے ہیں، ہم کبھی بھی عوام کےاعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔

شرجیل میمن کا خطاب

سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے خطاب میں کہا کہ سندھ کےعوام نے کینال منصوبے کو مسترد کر دیا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، بلاول نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ کینال منصوبہ منظورنہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کل عمرکوٹ میں پیپلز پارٹی کے مخالفین کو شکست ہوئی، کل پی ٹی آئی کے امیدوار کو ن لیگ بھی سپورٹ کر رہی تھی۔

صدر زرداری اور پیپلز پارٹی نے سندھ کا پانی بیچ دیا، عمر ایوب

سندھ میں کینالز کے خلاف احتجاج

سکھر میں کینالز کی تعمیر کے خلاف خیرپورمیں بھی ببرلو بائی پاس پر دھرنا دیا گیا۔ سکھر ٹول پلازہ پر پنجاب اور بلوچستان جانے والا ٹریفک بلاک کر دیا گیا، جس کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

روہڑی ٹول پلازہ سے احتجاج کے مقام تک ٹرالرز اور چھوٹی بڑی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

Bilawal Bhutto

ppp jalsa

haiderabad