Aaj News

پیر, مئ 05, 2025  
07 Dhul-Qadah 1446  

مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون ناگزیر ہے، افغان وزیر تجارت

دونوں ہمسایہ ممالک خطے میں استحکام، معاشی بہتری اور انسانی بنیادوں پر مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں
اپ ڈیٹ 17 اپريل 2025 09:44pm

پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت، ٹرانزٹ مسائل اور مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی مذاکرات ہوئے۔ ان مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی وزیر تجارت جام کمال نے کی جبکہ افغان وفد کی قیادت افغان وزیر تجارت نورالدین عزیزی نے کی۔

دونوں ممالک کے وزرائے تجارت کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تجارت، ٹرانزٹ سہولتوں، اور موجودہ چیلنجز پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ تکنیکی ٹیمیں بھی جلد ملاقاتیں کریں گی تاکہ عملی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

افغان وزیر تجارت نورالدین عزیزی نے کہا کہ افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی اور بحالی کے لیے ایک اعلیٰ سطح کمیشن قائم کر دیا گیا ہے، جو مہاجرین کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

نورالدین عزیزی نے کہا کہ افغان حکومت مہاجرین کی فلاح و بہبود کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور واپسی کے مرحلے کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔

مذاکرات کے بعد دونوں فریقین نے آئندہ کے لیے مؤثر لائحہ عمل مرتب کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔ افغان وفد کا یہ دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک خطے میں استحکام، معاشی بہتری اور انسانی بنیادوں پر مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں۔

نورالدین عزیزی کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات

نورالدین عزیزی نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی ۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت ، ٹرانزٹ اورعلاقائی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار رواں ہفتے کابل جائیں گے۔ افغان عبوری ہم منصب سے سرحد پار دہشت گردی، بارڈر مسائل اور مہاجرین کی واپسی پر بات ہوگی۔

Afghan Deportation

Trade Minister

Nooruddin Azizi