Aaj News

پیر, مئ 05, 2025  
07 Dhul-Qadah 1446  

فیصل آباد: فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی، تاجر تنظیموں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال

تاجر تنظیموں کا کہنا ہے کہ غزہ میں نہتے مسلمانوں پر بے رحمانہ مظالم اور بمباری قابلِ مذمت ہے
شائع 17 اپريل 2025 01:32pm

فیصل آباد کی تاجر برادری کی جانب سے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ شہر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹس بند ہیں اور کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں۔

تاجر برادری نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگ بندی معاہدے کی پامالی پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔

تاجر تنظیموں کا کہنا ہے کہ غزہ میں نہتے مسلمانوں پر بے رحمانہ مظالم اور بمباری قابلِ مذمت ہے۔ فلسطینیوں کی نسل کشی، انسانی حقوق کی سنگین پامالی اور جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آج کی ہڑتال صرف ایک علامتی احتجاج نہیں بلکہ یہ پیغام ہے کہ پاکستانی عوام ظلم کے خلاف اور مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری اور حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف مؤثر آواز اٹھائیں اور مظلوموں کو انصاف دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Faisalabad

Strike

Business Community

palestine solidarity

Trader organizations