ایلون مسک کی اپنے ’بچوں کی فوج‘ بنانے کی کوشش، خفیہ معاہدوں کا انکشاف
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک بڑی تعداد میں بچوں کا والد بننے کی منصوبہ بندی میں سرگرم ہیں۔ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسک نے نہ صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر ممکنہ ماؤں سے رابطے کیے، بلکہ اس عمل کو تیز کرنے کے لیے مخصوص طریقوں کی تجویز بھی دی۔
رپورٹ کے مطابق، 26 سالہ قدامت پسند سوشل میڈیا انفلوئنسر ایشلے سینٹ کلیئر، جنہوں نے ستمبر میں مسک کے 13ویں بچے کو جنم دیا، کہتی ہیں کہ انہیں ایلون مسک کی طرف سے کئی پیغامات موصول ہوئے جن میں انہوں نے ایک بڑی نسل بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ ایک پیغام میں انہوں نے مبینہ طور پر لکھا، ’میں چاہتا ہوں کہ ہم ایک اور بچہ پیدا کریں‘ اور اس کوشش کو ’قیامت سے پہلے بچوں کی فوج مکمل کرنے‘ سے تشبیہ دی۔
ایلون مسک تاحال چار معروف خواتین سے کم از کم 14 بچوں کے والد ہیں: گلوکارہ گرامز، نیورالنک کی ایگزیکٹو شیون زلس، سابقہ اہلیہ جسٹین مسک، اور ایشلے سینٹ کلیئر۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قریبی ذرائع کے مطابق بچوں کی اصل تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
ایک انکشاف یہ بھی ہے کہ مسک نے جاپانی حکام کی درخواست پر ایک معروف جاپانی خاتون کو بھی اپنی اولاد کے لیے چُنا۔
رپورٹ کے مطابق، شیون زلس کو ”خصوصی درجہ“ حاصل ہے، جو مسک کے ساتھ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں اور اہم تقریبات میں بھی شریک رہتی ہیں۔
ایشلے سینٹ کلیئر کا دعویٰ ہے کہ جب وہ زچگی کے مرحلے میں تھیں، تو مسک کے قریبی ساتھی جارڈ برچل نے ان سے رابطہ کیا اور 15 ملین ڈالر اور ماہانہ 1 لاکھ ڈالر کی پیشکش کی، بشرطیکہ وہ مسک کا نام پیدائشی سرٹیفکیٹ سے حذف کریں اور ان کے والد ہونے کا انکشاف نہ کریں۔ اگرچہ انہوں نے مکمل رازداری کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے، تاہم پھر بھی انہوں نے سرکاری دستاویزات میں مسک کا نام شامل نہیں کیا۔ بعد ازاں، جب انہوں نے فروری میں عوامی سطح پر اپنے تعلق کا انکشاف کیا تو مالی معاونت کم کر کے پہلے 40 ہزار، پھر 20 ہزار ڈالر ماہانہ کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق، ایلون مسک نے دیگر خواتین سے بھی رابطے کیے، جن میں کرپٹو انفلوئنسر ٹفنی فانگ شامل ہیں۔ جب فانگ نے یہ پیغامات سوشل میڈیا پر شیئر کیے، تو مسک نے انہیں ان فالو کر دیا۔
متعدد خواتین کا کہنا ہے کہ مسک کی ٹیم مالی مراعات اور سخت رازداری کے معاہدوں کے ذریعے حالات کو کنٹرول میں رکھتی ہے۔ ان کے قریبی ساتھی جارڈ برچل نے مبینہ طور پر کہا کہ یہ ایک ”میرٹوکریسی“ ہے، جہاں مراعات ان لوگوں کو دی جاتی ہیں جو ”اچھا کام کرتے ہیں۔“
ایلون مسک کی بڑی تعداد میں اولاد کی خواہش ان کے اس عقیدے سے جڑی ہوئی ہے کہ دنیا میں گرتی ہوئی شرحِ پیدائش انسانیت کے مستقبل کے لیے خطرہ ہے۔ وہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ ’اگر آبادی میں اضافہ نہ ہوا تو تہذیب کا زوال یقینی ہے۔‘
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مسک نے اپنی ذاتی زندگی کو قانونی اور مالی ڈھانچے کے ذریعے انتہائی رازداری میں رکھا ہوا ہے۔ گلوکارہ گرامز، جن کے مسک سے تین بچے ہیں، کہتی ہیں کہ ان کے درمیان جاری تحویلِ اولاد کی قانونی جنگ نے انہیں مالی طور پر کمزور کر دیا ہے۔ رواں برس فروری میں انہوں نے اپنے بچے کی طبی ایمرجنسی کے دوران مسک کو پبلک فورم پر پیغام دیا۔
یاد رہے کہ ایلون مسک اس وقت 367.9 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ میں حکومتی مؤثریت کے محکمے کے سربراہ اور مشیر بھی ہیں۔
Comments are closed on this story.