Aaj News

منگل, مئ 06, 2025  
09 Dhul-Qadah 1446  

وسائل پر حق صوبوں کا ہے، کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، مولانا فضل الرحمان

حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے توہمیں میدان میں آنا ہوگا، سربراہ جے یو آئی ف کی نیوز کانفرنس
شائع 16 اپريل 2025 04:46pm
ویڈیو گریب تصویر
ویڈیو گریب تصویر

سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اس وقت سب سے حساس مسئلہ ہمارے معدنیات کا ہے، صوبوں سے معدنیات پر بل منظورکرائے جا رہے ہیں، آئین کا تقاضہ ہے کہ کوئی قانون سازی اس کے خلاف نہ ہو، صوبائی مفادات کو دیکھتے ہوئے قانون سازی کی جائے، مائنز اینڈ منرل بل کا معاملہ حساس ہے، ہمارے وسائل ہمارے قبضے میں ہونے چاہئیں، صوبے کے اختیارات پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے توہمیں میدان میں آنا ہوگا۔

پشاور میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ساتھیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ریاستی ادارے جانبدار رویہ اپنا رہے ہیں۔ انھوں نے وفاق پر سخت تنقید کی اور کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے حساس مسئلہ معدنیات کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں سے معدنی وسائل سے متعلق بل منظور کرائے جا رہے ہیں جو آئین کے بنیادی تقاضوں کے خلاف ہیں۔ آئین کا تقاضہ ہے کہ کوئی قانون سازی اس کے خلاف نہ ہو، اور قانون سازی کرتے وقت صوبائی مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔

مولانا فضل الرحمان نے فاٹا انضمام کو بھی عالمی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے مفاد میں نہیں بلکہ عالمی قوتوں کے دباؤ پر کیا گیا۔

انہوں نے مائنز اینڈ منرلز بل کو ایک انتہائی حساس معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاق صوبوں کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ ہمارے وسائل ہمارے قبضے میں ہونے چاہییں۔ جے یو آئی سربراہ نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو انہیں ایک بار پھر میدان میں آنا پڑے گا۔

افغان مہاجرین کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جبری بے دخلی ایک سنگین انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے۔ یہ یک طرفہ مسئلہ نہیں، بلکہ پاکستان اور افغانستان کا مشترکہ مسئلہ ہے، جسے سنجیدگی سے حل کیا جانا چاہیے۔

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں 56 میں سے 34 شقوں سے انہیں دستبردار ہونا پڑا۔

جے یو آئی کا 27 اپریل کو اسرائیل کے خلاف مارچ کا اعلان

اسرائیل کے خلاف مارچ کااعلان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 27 اپریل کو مینار پاکستان پرمارچ ہوگا، افغانستان سے کوئی مسئلہ ہے تو بات چیت کی جائے، پشاور میں11 مئی کو ملین مارچ ہوگا، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی، خیبر پختونخوا میں بدامنی پر تشویش ہے۔

مولانافضل الرحمان نے کہا کہ ماننز اینڈ منرل ایکٹ جے یو آئی کا نہیں، وسائل صوبے کے ہوں گے اور شرائط صوبے کے ہوں گے، صوبے کے تمام جماعتوں کو ایک پیج پرلائیں گے، ریکوڈک قانون سازی پر ہم نے راستہ روکا تھا۔

Molana Fazal ur Rehman

Peshawer