کراچی: صدر ڈمپر ایسوسی ایشن کے ریاست مخالف بیان پر مقدمے کے اندراج کی درخواست دائر
کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت وسطی میں صدر ڈمپر ایسوسی ایشن لیاقت محسود کے خلاف ریاست مخالف بیان دینے پر مقدمے کے اندراج کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست گزار عبدالقادر کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لیاقت محسود نے 9 اپریل کو نیو کراچی میں پاکستان کے بائیکاٹ کا بیان دیا، جو ہر محب وطن شہری کی دل آزاری کا باعث بنا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ لیاقت محسود نے اپنے بیان میں کراچی کے نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دے کر ان کی توہین کی۔
پاکستان مخالف بات کرنے پر کڑی تنقید ہوئی تو ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر صفائیاں دینے لگے
عبدالقادر کے مطابق وہ پہلے ہی بلال کالونی تھانے میں مقدمہ درج کرانے کے لیے گئے تھے، مگر پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔ اب عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس کو حکم دیا جائے کہ وہ عبدالقادر کا بیان ریکارڈ کرکے لیاقت محسود کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کرے۔
درخواست میں ایس ایچ او تھانہ بلال کالونی اور ایس ایس پی کمپلینٹ سیل ضلع وسطی کو فریق بنایا گیا ہے۔ عبدالقادر نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ ریاست مخالف بیان پر لیاقت محسود کو قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ ایسے بیانات کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
Comments are closed on this story.