اسپیکر قومی اسمبلی کے بیان پر بیرسٹر گوہر کا ردعمل، امریکی وفد سے ملاقات کے دعوت نامے کی تردید
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے حالیہ بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا ردعمل سامنے آگیا ہے، جس میں انہوں نے اسپیکر آفس سے کسی بھی دعوت نامے کے موصول ہونے کی تردید کی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں اور اب بھی مؤقف یہی ہے کہ اسپیکر آفس کی جانب سے کسی عشائیے یا ایونٹ میں شرکت کے لیے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسپیکر نے کسی تقریب کے لیے باضابطہ طور پر مدعو نہیں کیا۔
بانی پی ٹی آئی نے کسی کو مذاکرات کی اجازت نہیں دی، بیرسٹر گوہر
دوسری جانب، قومی اسمبلی کے ترجمان نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتے کی شب اسپیکر ایاز صادق نے امریکی کانگریس کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا جس میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں بیرسٹر گوہر اور عامر ڈوگر کو دعوت دی گئی تھی۔ ترجمان کے مطابق دونوں ارکان نے دعوت قبول کی تھی اور اپنی شرکت کی تصدیق بھی کی تھی، لیکن بعد ازاں وہ عشائیے میں شریک نہیں ہوئے۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ دعوت نہ دینے کا دعویٰ حقائق کے منافی ہے، اور اس حوالے سے تمام شواہد موجود ہیں۔
ادھر اسپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ امریکی ارکان کانگریس نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران بانی پی ٹی آئی کا کوئی ذکر نہیں کیا، وہ اسے پاکستان کا اندرونی سیاسی معاملہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عشائیے کی دعوت باقاعدہ طور پر بیرسٹر گوہر اور عامر ڈوگر کو دی گئی تھی۔ اسپیکر کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل نے خود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عامر ڈوگر کو دعوت موصول ہوئی تھی، لیکن وہ ذاتی مصروفیت کی بنا پر پارٹی کو اطلاع نہیں دے سکے۔