حکومت نے ریئل اسٹیٹ پر ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا
وفاقی حکومت نے ریئل اسٹیٹ سیکٹر پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ ڈیوٹی جولائی 2023 میں متعارف کرائی گئی تھی اور کسی بھی پلاٹ کی پہلی بار فروخت پر 3 فیصد وصول کی جاتی تھی۔ اب 10 ماہ بعد اس ڈیوٹی کو واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر حکام نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مشاورت سے کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی طور پر فائلرز پر 3 فیصد اور نان فائلرز پر 5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لاگو کی گئی تھی۔ اب ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ حکومت نے دونوں کیٹیگریز پر سے یہ ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں ایف بی آر نے سمری ارسال کر دی ہے۔
ماہانہ و سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی سستی ہونے کا امکان، صارفین کو بڑا ریلیف ملنے کی توقع
رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کے ترجمان ڈاکٹر نجیب میمن نے کہا ہے کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کے لیے جلد قانون سازی کی جائے گی۔ وزیر خزانہ سمری کی منظوری دے چکے ہیں اور اسے جلد ہی وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ حکومت نے سالانہ 1 کروڑ روپے سے زائد آمدنی پر عائد 10 فیصد سرچارج بھی نئے مالی سال سے ختم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے، تاہم ان تمام اقدامات کا انحصار آئی ایم ایف کی منظوری پر ہوگا۔