ٹھنڈک کیلئے کلاس رومز کی دیواروں پر ’گوبر‘ لیپنے والی پرنسپل سے انتقام کیلئے طالبعلموں کا زبردست اقدام
بھارت میں لکشمی بائی کالج دہلی میں اس وقت ایک عجیب و غریب تنازع کھڑا ہو گیا جب دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین (DUSU) کے صدر رونق کھتری نے کالج کی پرنسپل پرتیوش واتسالہ کے دفتر کی دیواروں پر گوبر مل دیا۔ یہ احتجاج خاتون کالج پرنسپل کے اس اقدام کے خلاف کیا گیا جس میں انہوں نے گرمی کم کرنے کے لیے کلاس رومز کی دیواروں پر گوبر لگوایا تھا۔
یہ واقعہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب پرتیوش واتسالہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ کلاس رومز کی دیواروں پر گوبر لگوا رہی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیکلٹی کی سربراہی میں جاری ایک تحقیقی منصوبہ ہے، جس کا مقصد قدرتی اور پائیدار ٹھنڈک کے طریقوں کا جائزہ لینا ہے۔
نوکری سے تنگ خاتون کا ٹوائلٹ پیپر پر استعفیٰ
منگل کے روز پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رونق کھتری اور دیگر طلبہ ایک فیکلٹی ممبر سے پرنسپل کے دفتر میں احتجاجاً سوال کر رہے ہیں۔ کھتری کا کہنا تھا کہ طلبہ سے بغیر اجازت کلاس رومز میں گوبر لگایا گیا، جو ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا: ”تحقیق اپنے گھر پر کریں، طلبہ پر تجربہ نہ کریں۔“
واقعے کے بعد رونق کھتری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ انہوں نے پرنسپل کی ”مدد“ کی ہے اور امید ہے کہ اب وہ اپنے کمرے سے ایئر کنڈیشنر بھی ہٹا کر اسی قدرتی ٹھنڈک کے ماحول میں کام کریں گی۔
پرنسپل پرتیوش واتسالہ نے 13 اپریل کو اپنے بیان میں وضاحت دی کہ یہ ایک تحقیقی منصوبہ کا حصہ ہے جس کی تفصیلات ایک ہفتے بعد فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اقدام کو سیاق و سباق کے بغیر غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”قدرتی مٹی کو چھونے میں کوئی حرج نہیں“۔
دہلی یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے منگل کے واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، البتہ اس سے قبل یونیورسٹی نے اسے ماحولیاتی درجہ حرارت کو کم کرنے کے لیے ایک سائنسی تحقیق پر مبنی کوشش قرار دیا تھا۔
سر پر کوئی قرضہ نہ ہونے سے کروڑ پتی شخص اداس، لوگوں سے مشورہ مانگ لیا
ذرائع کے مطابق پرنسپل نے اصل ویڈیو ایک اساتذہ کے واٹس ایپ گروپ میں شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ سی بلاک کی کلاسز میں گوبر کی تہہ لگائی جا رہی ہے تاکہ تدریسی ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکے۔
یہ معاملہ اب دہلی کی شدید گرمی اور تعلیمی اداروں میں ماحولیاتی بہتری کے تجربات پر ایک بڑی بحث کا باعث بن گیا ہے۔