’اصل مقصد کچھ اور تھا‘، سلمان خان کو دھمکی دینے والے کا حیران کن انکشاف
بالی وڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کو حالیہ دنوں میں موصول ہونے والی ایک اور دھمکی نے سب کو چونکا دیا تھا، لیکن اس بار پولیس کی گرفت میں آئے ملزم نے تفتیش کے دوران ایسا انکشاف کر دیا کہ اہلکار بھی حیران رہ گئے۔ ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے یہ حرکت کسی ذاتی دشمنی یا انتقامی جذبے کے تحت نہیں کی، بلکہ اس کا مقصد بالکل مختلف اور غیر متوقع تھا۔
بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، لیکن اس بار وجہ اتنی حیران کن نکلی کہ پولیس اہلکار بھی چکرا گئے۔
’سلمان خان کا بڑا راز لیک ہونے والا ہے‘، نجومی کی پیشگوئی نے تہلکہ مچا دیا
ممبئی پولیس نے گجرات کے شہر وڈودرا سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے، جس نے اعتراف کیا ہے کہ وہ یہ سب کچھ صرف انسٹاگرام پر فالوورز بڑھانے کے لیے کر رہا تھا۔
گرفتار ملزم کی شناخت مئینک پانڈیا کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے والدین کے ساتھ رہتا ہے اور جوس اسٹال پر کام کرتا ہے۔
وہ فلم جوریلیز سے پہلے ہی بلاک بسٹر بن گئی، کیا سلمان خان کا سکندر خطرے میں ہے؟
پولیس کے مطابق ملزم نے ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر دھمکی آمیز پیغام بھیجا، جس میں نہ صرف سلمان خان کو قتل کی دھمکی دی گئی بلکہ یہ بھی بتایا گیا کہ انہیں کس طریقے سے مارا جائے گا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم گینگسٹر لارنس بشنوئی سے متاثر تھا اور اس کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنا چاہتا تھا۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں مئینک پانڈیا نے اعتراف کیا کہ اس کا مقصد کسی ذاتی رنجش یا جرائم پیشہ سرگرمی کا حصہ بننا نہیں تھا بلکہ وہ صرف انسٹاگرام پر مشہور ہونا چاہتا تھا۔ چونکہ سلمان خان کو ماضی میں بھی گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے دھمکیاں مل چکی تھیں، اس نے سوچا کہ اگر وہ بھی ایسی ہی ایک دھمکی دے گا تو میڈیا اور سوشل میڈیا پر فوری توجہ حاصل کر لے گا۔
اسی سوچ کے تحت اس نے گوگل پر ممبئی ٹریفک پولیس کا واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر تلاش کیا اور وہاں ایک سنسنی خیز پیغام بھیج دیا، جس میں سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی اور انتظار کرنے لگا کہ کب وہ خبروں میں آئے۔
مزید تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم کئی سالوں سے ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہے۔ 2014 میں اپنے دادا کی موت کا صدمہ برداشت نہ کر پانے کے بعد وہ ڈپریشن کا مریض بن گیا اور مسلسل علاج کے مراحل سے گزر رہا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب سلمان خان کی سیکیورٹی میں بھی فوری طور پر اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔
یاد رہے کہ سلمان خان کو اس سے قبل بھی گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے ساتھیوں کی جانب سے متعدد بار جان لیوا دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔
بشنوئی گینگ کا سلمان کے ساتھ پرانا تنازع 1998 کے اُس مشہور واقعے سے جڑا ہے، جس میں سلمان خان پر کالے ہرن کے غیرقانونی شکار کا الزام تھا۔