یرغمال امریکی اسرائیلی فوجی سے متعلق حماس نے اہم بیان جاری کر دیا
فلسطینی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ جب سے اسرائیلی فوج نے غزہ پر شدید بمباری کا آغاز کیا ہے اس کے بعد سے امریکی شہریت رکھنے والے اسرائیلی فوجی کی حفاظت پر مامور ٹیم سے ہمارا رابطہ منقطع ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ایسے لگ رہا ہے کہ قابض فوج خود اسے قتل کرنا چاہتی ہے تاکہ دُہری شہریت رکھنے والے قیدیوں کے دباؤ سے خود کو آزاد کرکے فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔
خیال رہے دو روز قبل حماس نے امریکی شہریت رکھنے والے اسرائیلی فوجی ایدان الیگزینڈر کی ویڈیو بھی جاری کی تھی، جس میں اس نے ٹرمپ سے اپنی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکی صدر اسرائیلی وزیراعظم کے جھوٹ پر یقین نہ کریں۔
نیتن یاہو پر تنقید کرتے اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی کی ویڈیو جاری
ترجمان القسام بریگیڈز ابو عبیدہ کے بیان کے بعد حماس نے غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ کے لیے بھی ایک ویڈیو جاری کی، جس میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت نے خود ہی یرغمالیوں کو ہلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس لیے آپ اپنے پیاروں کی لاشیں وصول کرنے کے لیے تیار رہیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ امریکی شہریت رکھنے والے اسرائیلی فوجی ایدان الیگزینڈر حماس کی قید میں آخری زندہ امریکی یرغمالی ہیں۔ ایدان الیگزینڈر اسرائیلی فوج میں شامل تھا۔