Aaj News

پیر, اپريل 21, 2025  
22 Shawwal 1446  

سینیٹ میں تاج حیدر اور پروفیسرخورشید احمد کی خدمات کے اعتراف میں تعزیتی قراردادیں متفقہ طور پر منظور

شیری رحمٰن، شبلی فراز، سلیم مانڈوی والا اور دیگر اراکین نے مرحوم کی سیاسی بصیرت اور جمہوری جدوجہد کو سراہا
شائع 15 اپريل 2025 10:06pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

سینیٹ کے اجلاس میں سینیئر سیاستدان، رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر تاج حیدر اور پروفیسرخورشید احمد کی خدمات کے اعتراف میں تعزیتی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ایوانِ بالا کا اجلاس منعقد ہوا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے تعزیتی تقاریر کے دوران کہا کہ سینیٹر تاج حیدر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمٰن، اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور دیگر اراکین نے بھی مرحوم کی سیاسی بصیرت اور جمہوری جدوجہد کو سراہا۔

ایوانِ بالا نے مرحوم سینیٹر تاج حیدر کی جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی خدمات پرعقیدت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے تعزیتی کلمات ادا کیے۔ ایوان نے سینیٹر تاج حیدر اور پروفیسر خورشید احمد کی قومی خدمات کے اعتراف میں تعزیتی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کیں۔

اجلاس میں سینیٹر کامران مرتضیٰ، عبدالقادر، عون عباس بپی سمیت دیگر نے بھی تعزیتی کلمات ادا کیے اور کہا کہ مرحوم کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے تاج حیدر مرحوم کے لیے، جبکہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پروفیسر خورشید احمد کے لیے قرارداد ایوان میں پیش کی۔ جس کے بعد سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

Senate of Pakistan