Aaj News

پیر, اپريل 21, 2025  
22 Shawwal 1446  

مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ نہیں کر سکتے، شہدا کی قربانیاں لازوال ہیں، آرمی چیف کا اوورسیز کانفرنس سے خطاب

بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے، اوورسیز پاکستانی کنونشن سے خطاب
اپ ڈیٹ 16 اپريل 2025 02:04pm
Army Chief’s Emotional Address to Overseas Pakistanis - Aaj News

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ نہیں کرسکتے، شہدا کی قربانیاں لازوال ہیں، جو پاکستان کی ترقی کے راستے میں حائل ہوگا ہم مل کر اُس رکاوٹ کو ہٹا دیں گے، دہشت گردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں منعقدہ پہلے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خودمختاری پر کسی کو سمجھوتہ نہیں کرنے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ نہیں کر سکتے، دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔‘

آرمی چیف نے اپنے پرجوش خطاب میں کہا کہ بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔ انہوں نے واضح پیغام دیا کہ جو پاکستان کی ترقی کے راستے میں حائل ہوگا، ہم سب مل کر اُس رکاوٹ کو ہٹا دیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ’جب تک اس ملک کے غیور عوام افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، کوئی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔‘

کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ برین ڈرین کا بیانیہ بناتے ہیں، وہ جان لیں کہ یہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے۔‘ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کی روشنی قرار دیا اور کہا کہ ’آپ صرف پاکستان کے سفیر نہیں بلکہ وہ روشنی ہیں جو پورے اقوام عالم کو روشن کرتی ہے۔‘

پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، وزیراعظم

جنرل عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیوں کی حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے جذبات قابلِ ستائش ہیں، اور افواجِ پاکستان ان سے بڑھ کر محبت کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’آپ نے پاکستان کی کہانی اپنی نسلوں کو سنانی ہے، وہ کہانی جس کی بنیاد پر ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کو عزت و وقار کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اور ان کی قربانیاں لازوال ہیں۔ ’جو پاکستان کے سکیورٹی اداروں میں بغاوت کو ہوا دیتا ہے، وہ پاکستان کا دشمن ہے۔‘

خطاب کے دوران انہوں نے دو قومی نظریے، سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال، فتنہ الخوارج، بلوچستان میں دہشت گردی، کشمیر اور غزہ کی صورتحال پر بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ’کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، اور پاکستانیوں کا دل ہمیشہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔‘

آرمی چیف نے کہا کہ جس ریاست میں تمام ادارے آئین اور قانون کے مطابق کام کریں، اسے ہارڈ سٹیٹ کہتے ہیں، اور ہم اسی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کبھی مایوس نہیں ہونا اور نہ ہی امید چھوڑنی ہے۔

اختتام پر انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانی دنیا میں پاکستان کی نمائندگی فخر کے ساتھ کریں اور پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لائیں۔ کنونشن کے دوران شرکاء کے ”پاکستان زندہ باد“ اور ”پاکستان کا مطلب کیا“ کے نعرے فضا میں گونجتے رہے۔

PM Shehbaz Sharif

Army Chief Asim Munir

Overseas Pakistanis Convention