Aaj News

پیر, اپريل 21, 2025  
22 Shawwal 1446  

معروف پاپ اسٹار کیٹی پیری کی سہیلیوں سمیت خلا سے واپسی، زمین پر پہنچتے ہی پہلا کام کیا کیا؟

ایسا گزشتہ 60 برسوں میں پہلی بار ہوا
شائع 15 اپريل 2025 02:36pm

ٹیکساس: بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ کیتی پیری نے اپنے خواب کو حقیقت میں بدل دیا جب وہ بلو اوریجن کے پہلے مکمل خواتین پر مشتمل مشن کا حصہ بنیں۔

یہ تاریخی مشن، جسے NS-31 کا نام دیا گیا، زمین کے ماحول سے نکل کر خلا کی سرحد تک پہنچا اور ایسا گزشتہ 60 برسوں میں پہلی بار ہوا۔

یہ 11 منٹ کا ذیلی مداری سفر ٹیکساس سے شروع ہوا، جس میں راکٹ نے خلا کی سرحد کو چھوا اور پھر کامیابی سے زمین پر واپس آ گیا۔

زمین پر واپسی کے بعد کیپسول سے باہر آتے ہی کیٹی پیری جذبات سے مغلوب ہو گئیں۔ ان کے ہاتھ میں ایک گلابی پھول تھا جو اُن کی بیٹی ’ڈیزی‘ کے نام پر تھا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیٹی نے پہلے اُس پھول کو چوما اور پھر زمین کو بوسہ دیا۔

’میں خود کو محبت سے بہت زیادہ جڑا ہوا محسوس کر رہی ہوں۔ اس تجربے نے مجھے دکھایا کہ آپ کے اندر کتنی محبت ہے، آپ دوسروں کو کتنی محبت دے سکتے ہیں، اور آپ کو کس قدر محبت دی جاتی ہے جب تک آپ اس دنیا سے روانہ نہیں ہوتے۔‘

مائیکرو گریوٹی کے دوران، جب تمام خواتین نے سیٹ بیلٹس کھول کر خلا میں بے وزنی کا احساس محسوس کیا، کیٹی پیری نے اپنے مشہور گانوں روڑ’ یا ’فائر ورک‘ کے بجائے کلاسیکی نغمہ ’واٹس اے ونڈرفل ورلڈ‘گایا۔

سی بی ایس اینکر گیل کنگ، جو اس مشن کا حصہ تھیں، نے بتایا، ’ہم سب نے اُن سے بار بار کہا کہ وہ‘ روڑ’ یا ’فائر ورک‘گائیں، مگر کیٹی نے کہا، ’یہ میرے بارے میں نہیں، یہ دنیا کے بارے میں ہے۔‘ پھر انہوں نے ’واٹس اے ونڈرفل ورلڈ‘ گایا۔ یہ لمحہ واقعی خاص تھا۔’

کیتی پیری نے اس تجربے کو ”سب سے بلند لمحہ“ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ، ’میں اس تجربے کی سفارش ہر کسی سے کروں گی۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس تجربے پر مبنی کوئی نیا گانا بنائیں گی، تو انہوں نے جواب دیا، ’یقیناً، 100 فیصد‘۔

اس مشن میں کیٹی پیری کے ساتھ پانچ دیگر نمایاں خواتین بھی شامل تھیں، جنہوں نے مختلف شعبوں میں اپنی پہچان بنائی ہے۔ جن میں لورین سانچیز، عائشہ بو (سابق ناسا ایرو اسپیس انجینئر اور راکٹ سائنسدان)، کیرین فلن (فلم پروڈیوسر)، آمنڈا نگوین (سائنسدان، سماجی کارکن، اور نوبل انعام کی نامزد امیدوار)، گیل کنگ (سی بی ایس اینکر) شامل ہیں۔

لورین سانچیز سب سے پہلے کیپسول سے باہر آئیں اور اپنے منگیتر جیف بیزوس کو گلے لگایا۔

انہوں نے بلو اوریجن کی لائیو براڈکاسٹ میں کہا کہ، ’زمین کو دیکھ کر ایسا لگا جیسے یہ بہت خاموش ہے۔ آپ اس کیفیت کو بیان نہیں کر سکتے۔ یہ خاموشی کے باوجود بہت زندہ تھی۔ بس یہی سوچ آ رہی تھی کہ ہم سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔‘

اپنی خوشی اور شکرگزاری کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، ’مجھے واپس آنا ہی تھا، کیونکہ میری شادی ہونی ہے۔

اوپرا ونفرے، جو گیل کنگ کی قریبی دوست ہیں، مشن کے لانچ کے موقع پر موجود تھیں۔ انہوں نے گیل اور ٹیم کی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ لانچ پیڈ کی طرف جا رہی تھیں۔

ویڈیو میں گیل کو اپنے آنسو پونچھتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ راکٹ کے اُڑان بھرتے ہی اوپرا بھی جذباتی ہو گئیں۔

ایمیزون کے سی ای او جیف بیزوس نے خلا سے واپسی پر ٹیم کا بھرپور خیرمقدم کیا، جب کہ وہاں موجود حاضرین نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔

خلاء میں جانے سے پہلے کیٹی پیری نے اپنے ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ پر پیغام دیا۔ ’آئی لویو‘۔

اسی طرح انسٹاگرام پر انہوں نے روانگی سے پہلے کہا، ’یہ تاریخ ہے، ایک خلائی پرواز کی‘۔

بلو اوریجن، جو 2000 میں جیف بیزوس نے قائم کی، آج خلائی سیاحت کے میدان میں ایک نمایاں نام بن چکی ہے۔ کمپنی نے اس مشن کی مالی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

یہ پرواز جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی وینس میں ہونے والی شادی سے صرف دو ماہ قبل مکمل ہوئی۔

world

lifestyle

شخصیات