Aaj News

منگل, اپريل 22, 2025  
23 Shawwal 1446  

ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ، لاڑکانہ اور موئن جو دڑو میں پارہ 46 ڈگری تک پہنچ گیا

محکمہ موسمیات کی عوام کو غیر ضروری باہر نہ نکلنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
شائع 14 اپريل 2025 03:17pm

سورج نے ملک میں آگ برسانا شروع کر دی ہے، سندھ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کا راج ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاڑکانہ اور تاریخی شہر موئن جو دڑو میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔

دادو میں پارہ 45 ڈگری، جبکہ نواب شاہ اور حیدرآباد میں 43 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں گرمی کی شدت 36 ڈگری تک رہی، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی درجہ حرارت 36 ڈگری تک پہنچا۔

ادھر کراچی اور لاہور میں درجہ حرارت 37 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، تاہم ہوا میں نمی کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ بعض میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ شہریوں کو دھوپ سے بچاؤ، پانی کا زیادہ استعمال اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمے نے خبردار کیا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اتوار کے روز سندھ کے کئی اضلاع شدید گرمی کا شکار رہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ پانی کا زیادہ استعمال کریں، دھوپ سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کریں اور ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہنے کی کوشش کریں۔

karachi

karachi weather

Heat Wave