Aaj News

ہفتہ, اپريل 19, 2025  
21 Shawwal 1446  

کراچی میں ٹریفک حادثات نہ تھم سکا، مختلف واقعات میں 4 زندگیوں کے چراغ گل ہو گئے

مشتعل افراد نے گاڑی کو آگ لگادی، ڈرائیور سمیت 3 افراد گرفتار کرلئے گئے

کراچی میں ٹریفک حادثات نہ تھم سکے۔ آج بھی 4 زندگیوں کے چراغ گل ہوگئے۔ اورنگی میں بس کی ٹکرسے خاتون جاں بحق، ڈیفنس موڑ پر موٹرسائیکل حادثے میں ایک شخص جان کی بازی ہارگیا۔ تین ہٹی اور لیاری ایکسپریس وے پردو افراد گاڑیوں کی زد میں آکردم توڑ گئے۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال ڈسکو موڑ کے قریب تیز رفتار گاڑی نے کئی موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ مشتعل افراد نے گاڑی کے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گاڑی کو آگ لگا دی ہے۔

مقدمہ درج

کراچی میں گلشن اقبال تھانے کی حدود میں گزشتہ شام کو ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ جاں بحق ہونے والے نوجوان حنان کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

کرائے پر لی گئی گاڑی موت بن گئی، مسکن چورنگی حادثے میں طالب علم کی موت سے متعلق اہم انکشاف

مقدمہ جاں بحق ہونے والےنوجوان کےوالد کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر کے متن کے مطابق میرا بیٹا موٹر سائیکل پر گھر سے دودھ لینے کیلئے نکلا تھا، بیٹا کافی دیر تک گھر نہیں آیا، معلوم ہواکہ مسکن چورنگی کےقریب ٹریفک حادثہ ہوا۔

مقدمے کے مطابق اسپتال پہنچا تو میرا بیٹا فوت ہو چکا تھا، تیزرفتار گاڑی کا ڈرائیورغفلت لاپرواہی سے گاڑی چلارہا تھا، گاڑی میں بیٹھے دوست تیز گاڑی چلانے پر اکسا رہے تھے، ڈرائیورکی غفلت ولاپرواہی سے میرا بیٹا جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔

حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو موصول ہوگئی ، فوٹیج میں تیزرفتارگاڑی کوقلابازیاں کھاتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ پولیس نے دو مقدمات درج کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

دوسری طرف اورنگی ٹاؤن کے قریب بس کی ٹکر سے 45 سالہ خاتون امبرین جاں بحق ہوئیں، جبکہ ڈیفنس موڑ پر تیز رفتار موٹر سائیکل کے واٹر ٹینکر سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں 55 سالہ صابر حسین جان کی بازی ہار گیا۔

تین ہٹی مزار کے قریب ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر نے 55 سالہ راہ گیر کی زندگی چھین لی، جس کی شناخت تاحال نہ ہو سکی، اور لیاری ایکسپریس وے پر گلشن کے قریب 17 سالہ شہباز سڑک عبور کرتے ہوئے گاڑی کی زد میں آ کر جان سے گیا۔

رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 270 ہوگئی۔

karachi

Karachi Police

Gulshan e Iqbal

trafic accident