امریکی ریاست مشی گن کی خاتون گورنر نے ٹرمپ کی گفتگو کے دوران چہرہ کیوں چھپایا؟
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ہفتے کے روز اپنی ایک رپورٹ میں مشی گن ریاست کی ڈیموکریٹک خاتون گورنر گریچن وِٹمر کی ایک تصویر شائع کی جو وائرل ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تصویر میں گریچن کو اوول آفس کے ایک غیر متوقع دورے کے موقع پر دکھایا گیا۔ تصویر نے اس لحاظ سے عجیب منظر پیش کیا کہ اس میں گریچن وٹمر نے اپنے چہرے کو اُس وقت چھپایا جس وقت صدر ٹرمپ صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق گریچن کا کہنا تھا کہ وہ اچانک صدر کے دفتر کے کمرے میں داخل ہو گئیں تاکہ صدر کی جانب سے بدھ کے روز جاری احکامات پر دستخط میں شریک ہو سکیں۔ خاتون گورنر اور صدر کو کسٹم ٹیرف اور مشی گن کے دفاعی اثاثوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کرنا تھا۔
بدھ کے روز ”نیویارک ٹائمز“ اخبار کے کیمرہ مین کی جانب سے لی گئی تصویر میں گریچن وٹمر اوول آفس میں کھڑی دکھائی دیں جب کہ انہوں نے نیلے رنگ کی 2 فائلوں کے پیچھے اپنا چہرہ چھپایا ہوا ہے۔
گریچن کا نام 2028 کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ممکنہ صدارتی امیدوار کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ انھوں نے گذشتہ ماہ مارچ میں ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر مشی گن میں ملازمتوں کے مواقع میں اضافے کا معاملہ زیر بحث آیا تھا۔
Comments are closed on this story.