کراچی ٹینکر حادثات: گورنر سندھ کا جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو ایک ایک پلاٹ دینے کا اعلان
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ آج گورنر ہاؤس میں وہ تمام افراد موجود ہیں جن کے پیارے ڈمپرز کی ٹکر سے جاں بحق ہوئے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کسی کی جان کا کوئی معاوضہ، پیسہ یا پلاٹ نہیں ہو سکتا۔ یہ المیہ ہے کہ حادثات میں جان گنوانے والوں کے آنسو آج تک نہیں تھمے اور نہ ہی ان کے ساتھ کسی نے ہمدردی کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں قانون پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث روز لوگ اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔
انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے خط پر نوٹس لیا گیا ہے، سپریم کورٹ نے میرے پرنسپل سیکریٹری سے رابطہ کیا ہے، اب ان متاثرین کو انصاف ضرور ملے گا اور عدالت قانون پر عمل درآمد کروائے گی۔
کراچی: آفاق احمد کا بڑا اعلان، 80 کارکنان کی گرفتاری کے بعد ریلی کے فیصلے سے دستبرداری
کامران ٹیسوری نے اعلان کیا کہ وہ ڈمپرز کے حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو ایک ایک پلاٹ دیں گے، ان کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کا بندوبست کریں گے اور 12 سال تک مفت تعلیم بھی فراہم کریں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ تھانے متاثرین کی ایف آئی آر درج نہیں کر رہے، یہ لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ان سانحات پر سیاست بند کی جائے، لوگوں کے زخموں پر نمک نہ چھڑکا جائے۔ گورنر نے مزید کہا کہ اگر وقت آیا تو وہ خود اپنی گاڑیاں اور بنگلہ بیچ کر متاثرین کی مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں لسانی فسادات کے سخت خلاف ہوں، کراچی میں اب تعلیم، صحت اور ہنر کی بات ہوگی، سیاست کے نام پر مزید تباہی قبول نہیں۔
کراچی: سڑکوں کے ساتھ کھیل کے میدان بھی غیرمحفوظ، ٹینکر نے گراؤنڈ میں کھیلتے 4 سالہ بچے کو روند دیا
کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج گورنر ہاؤس میں ہر قومیت کا فرد موجود ہے، کراچی کی سینکڑوں ماؤں کے لال حادثات کی نذر ہو چکے ہیں، متاثرین کا کوئی پرسان حال نہیں بنا، مگر میں ان کا بھائی ہوں، میں گورنر ہوں، اور ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔