لندن کے ارب پتی ’سخت گیر مالک مکان‘ کیخلاف کرایہ داروں کی شکایت پر فوجداری تحقیقات شروع
لندن کی مہنگی اور معروف رہائشی عمارت ”فاؤنٹین ہاؤس“ میں مبینہ بدانتظامی اور رہائشیوں کی شکایات پر برطانیہ کے ایک سابق اعلیٰ پولیس افسر نے کئی جائیدادوں کو کرائے پر دینے والے ارب پتی کے خلاف فوجداری تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ لگژری اپارٹمنٹ کمپلیکس لندن کے ”پارک لین، مے فیئر“ میں واقع ہے، جو بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور شریف خاندان کے رہائشی علاقے کے قریب واقع ہے۔ اس عمارت کا انتظام اسحاق عزیز کی پراپرٹی کمپنی ”پارک گیٹ ایسپن“ کے تحت کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق اسکاٹ لینڈ یارڈ کمانڈر طارق غفور نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ وہ ایک نجی کرمنل انکوائری کی سربراہی کر رہے ہیں جو کہ فاؤنٹین ہاؤس سے متعلق مختلف معاملات پر مبنی ہے، جن میں اسحاق عزیز اور ان کی کمپنی کے طرزِ عمل سے متعلق شکایات شامل ہیں۔
رہائشیوں کو منیجمنٹ اور فیسوں پر اعتراضات
رپورٹس کے مطابق فاؤنٹین ہاؤس کے کئی رہائشی، جو کہ اکثریت میں امیر اور کاروباری شخصیات پر مشتمل ہیں، عرصے سے مہنگے سروس چارجز اور مبینہ ناقص خدمات پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ چند رہائشیوں نے مقامی عدالتوں میں عزیز کی کمپنی کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی ہے۔
اسحاق عزیز، جنہیں بعض میڈیا ادارے ”مسٹر مے فیئر“ اور ”مسٹر ویسٹ اینڈ“ کے طور پر بھی پہچانتے ہیں، لندن کی پراپرٹی مارکیٹ میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور ان کی کمپنیوں کے تحت شہر بھر میں کئی پرتعیش عمارتیں موجود ہیں۔
تاہم، رپورٹ کے مطابق فاؤنٹین ہاؤس کے لیز ہولڈرز کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے جا رہے اور رہائشی سہولیات معیار سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
کاروباری سرگرمیوں پر تنقید
اسحاق عزیز کے کاروباری فیصلے ماضی میں بھی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔
”پرائیویٹ آئی“ میگزین نے ان پر الزام لگایا تھا کہ وہ آئل آف مین میں رجسٹرڈ کمپنیوں کے ذریعے لندن کے پب خرید کر بند کراتے اور انہیں لگژری رہائشی منصوبوں میں تبدیل کر دیتے ہیں، جس پر سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
2020 میں ”دی ٹائمز“ نے انہیں ’برطانیہ کا سب سے سخت گیر مالک مکان‘ قرار دیا، جب کہ 2022 میں ”نووارا میڈیا“ نے ان پر بچوں کی نرسریوں اور بارز خرید کر انہیں مہنگے اپارٹمنٹس میں بدلنے کا الزام عائد کیا۔ عزیز کی قانونی ٹیم نے ان رپورٹس کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اب تک اسحاق عزیز یا ان کی کمپنی کی جانب سے فاؤنٹین ہاؤس کی انکوائری سے متعلق براہ راست کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.