Aaj News

اتوار, اپريل 20, 2025  
21 Shawwal 1446  

داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی لاگت میں ایک کھرب سے زائد کا اضافہ

احسن اقبال کی زیر صدارت سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 10 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی
شائع 11 اپريل 2025 09:13pm

حکومت نے داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی لاگت 1.74 کھرب روپے تک بڑھا دی، سی ڈی ڈبلیو پی نے مجموعی طور پر 10 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدرات سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ہوا، جس میں 10 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے داسو منصوبے کی لاگت میں اضافے پر اظہار برہمی کیا۔

سی ڈی ڈبلیو پی نے 6 منصوبے ایکنک کو بھجوا دیے، بلوچستان میں تعلیم کے معیار اور رسائی کے لیے 28 ارب روپے کا منصوبہ تجویز کیا گیا، شیخوپورہ میں قائداعظم یونیورسٹی کا سب کیمپس قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں آئی ٹی اسٹارٹ اپس، ٹریننگ اور وی سی کے لیے 5 ارب روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا جبکہ قومی سیمی کنڈکٹر پروگرام کے پہلے مرحلے کی بھی منظوری دی گئی۔

اسی طرح فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کسٹمز کمپلیکس اور ڈیجیٹل اسٹیشنز کے لیے 16 ارب روپے کا منصوبہ زیر غور آیا، سندھ کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں سڑکوں کی بحالی کے لیے 12 ارب روپے کی تجویز دی گئی اور کوئٹہ کے پانی کے بحران کے حل کے لیے تقریباً 10 ارب روپے کا منصوبہ ایکنک کے سپرد کردیا گیا۔

اجلاس میں بلوچستان میں پانی سپلائی کے انتظام اور زرعی زمین کی آب پاشی کے لیے 17 ارب روپے کا منصوبہ ایکنک کے حوالے کردیا گیا۔

Ahsan Iqbal

development projects

Dasu Hydropower Project

cdwp