Aaj News

اتوار, اپريل 20, 2025  
22 Shawwal 1446  

ملک بھر کیلئے بجلی 1 روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری

بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اپریل سے جون 2025 کیلئے ہوگا، ، نوٹیفکیشن
شائع 11 اپريل 2025 06:11pm

مہنگی بجلی کے ستائے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ پاور ڈویژن نے کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی سستی کرنے کی منظوری دیتے ہوئے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا، جس کے بعد آج پاور ڈویژن نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی 1.71 روپے فی یونٹ سستی کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اپریل سے جون 2025 کے لیے ہوگا، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بھی ہوگا تاہم لائف لائن صارفین اس کمی سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔

بجلی کی قیمت میں کمی وفاقی حکومت کی اضافی سبسڈی کے ذریعہ کی گئی ہے اور حکومت نے نیپرا میں اس حوالے سے درخواست جمع کرائی تھی۔

اس سے قبل، کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 90 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عید تعطیلات کے فوری بعد 3 اپریل کو بجلی کے گھریلو صارفین کے لیے قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ تک کمی کا اعلان کیا تھا۔

اس کے بعد تمام گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 38 روپے 37 پیسے فی یونٹ ہوگیا، اسی طرح صنعتی صارفین کے لیے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد صنعتی صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 40 روپے 60 پیسے کا ہوگیا۔

nepra

K Electric

electricity price

power division

National Electric Power Regulatory Authority