سیکورٹی فورسز کا تیمرگرہ میں آپریشن، ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت 2 خوارج ہلاک
سیکورٹی فورسز نے ضلع لوئر دیر کے عمومی علاقے تیمر گرہ میں انٹیلجنس بیسڈ آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ خوارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان سمیت 2 خوارجیوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 اور 11 اپریل کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع لوئر دیر کے عمومی علاقے تیمرگرہ میں آپریشن کیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 خوارج جن میں ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ خوارجی ”حفیظ اللہ عرف کوچوان“ بھی شامل تھا ہلاک کردیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
خوارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا، خوارجی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
حکومت کی جانب سے اس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی، علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خدشے کے پیشِ نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف اوروزیرداخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر میں انتہائی مطلوب خارجی سمیت 2 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔
وزیراعظم نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی پزیرائی کرتے ہوئے کہاکہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں سے جنگ جاری رہے گی۔
Comments are closed on this story.