Aaj News

جمعرات, مئ 08, 2025  
10 Dhul-Qadah 1446  

گڈز ٹرانسپورٹرز، واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال مؤخر کردی

وزیراعلی سندھ ، گورنر سندھ کے ساتھ ٹرانسپورٹرز کی ملاقات کرائی جائے، قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی
شائع 10 اپريل 2025 11:00pm

گڈز ٹرانسپورٹرز، واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز ایسوسی ایشن نے جمعے کی ہڑتال مؤخر کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز اور ڈمپر ٹرک اونرز نے ایف پی سی سی آئی کےقائم مقام صدر سے ملاقات کی، صدرگڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نثار جعفری نے کہا کہ ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کو جلانے کے واقعات پر جمعے سے کراچی کی دونوں بندرگاہ سمیت پورے شہر اور ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ بند کرنےکا فیصلہ کیا تھا، ایف پی سی سی آئی کی درخواست اور ان کی یقین دہانی پر ہڑتال موخر کررہے ہیں۔

رہنما گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس غلام یاسین نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ہمارے جلائے گئےڈمپرز ٹینکروں کا معاوضہ ادا کرے، صوبائی حکومت نے فٹنس سرٹیفکیٹ کےنام پر بھی 180گاڑیوں کو بندکردیا ہے۔

ملاقات میں رہنما ڈمپرز ایسوسی ایشن یوسف خان نے کہا کہ شہر میں صبح سے کچرے اٹھانے والے ٹرک اور ڈمپرز نے کچرا نہیں اٹھایا، شہر کےمختلف علاقوں میں کچرے اٹھانے والے ڈمپرز اور ٹرک کھڑے ہیں۔

یوسف خان کا کہنا تھا کہ ڈمپر جلائے گئے اور ڈرائیوروں پر تشدد کیاگیا، ان حالات میں شہر کا کچرا کیسے اٹھایا جائے۔

صدر ٹرانسپورٹرز الائنس نثار جعفری کے مطابق رواں سال شہر میں اب تک 29 ڈمپر اور واٹر ٹینکروں کو جلایا جاچکاہے، حکومت بھاری گاڑیوں کی فٹنس کے لیے 3 مہینے کا وقت دے۔

دریں اثنا قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض نے کہا کہ ہماری درخواست پر ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال موخر کردی ہے، گڈز اور ڈمپرز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سےملک کو بہت نقصان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ وزیراعلی سندھ ، گورنر سندھ کے ساتھ ٹرانسپورٹرز کی ملاقات کرائی جائے اور ٹرانسپورٹرز کی پکڑی گاڑیاں واپس اور فٹنس کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔

خیال رہے کہ شہر میں ڈمپروں، واٹر ٹینکروں سے ہونے و الے پے در پے حادثات کے بعد شہریوں کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا ہے اور آج بھی نارتھ کراچی میں حادثے کے بعد مشتعل افراد نے 5 ڈمپر اور 4 واٹر ٹینکر اور ایک ٹرک کو جلا ڈالا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بھی ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات کے بعد ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز کے لیے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کرتے ہوئے ڈرائیورز کے لیے رینڈم ڈرگ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔

دریں اثنا سندھ کے متحرک گورنر کامران ٹیسوری نے بھی کراچی میں ڈمپر تلے کچلے گئے افراد کے لواحقین کی داد رسی کے لیے انہیں پلاٹ دینے کا اعلان کیا۔

karachi

Strike

water tanker

tanker and dumper

Water Tanker Accident

goods transporters

dumper association