کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی 1 روپے 71 پیسے سستی کردی گئی
بجلی صارفین کو ایک اور بڑا ریلیف مل گیا، نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی 1 روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کردی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے پیٹرولیم لیوی کی مد میں بجلی سستی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
نیپرا نے بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کردی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
حکومت نے ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی بڑھانے کے لیے نیپرا سے درخواست کی تھی تاہم نیپرا اتھارٹی نے وفاقی حکومت کی درخواست پر 4 اپریل کو سماعت کی تھی۔
بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا اطلاق اپریل سے جون تک 3 ماہ کے لیے ہوگا، سرکاری ڈسکوز اور کے الیکٹرک صارفین کو بھی ریلیف سے مستفید ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لائف لائن صارفین کے علاوہ تمام صارفین کو سبسڈی دی جائے گی۔
بجلی ٹیرف میں کمی سے متعلق پیشرفت، 11 آئی پی پیز ٹیرف میں کمی پر رضامند
دوسری جانب بجلی ٹیرف میں کمی سے متعلق ایک اور پیش رفت ہوئی ہے، 11 آئی پی پیز ٹیرف میں کمی پر رضامند ہوگئیں، نیپرا 2 الگ الگ درخواستوں پر 16 اپریل کو سماعت کرے گا۔
بجلی صارفین پر مہنگی ترین بجلی کا بوجھ کم کرنے کی کوششوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، وفاقی حکومت کے ساتھ نظرثانی معاہدوں کے بعد مزید 11 آئی پی پیز نے ٹیرف میں کمی کے لیے نیپرا سے رجوع کرلیا، کمی کی منظوری کی صورت میں براہ راست فائدہ صارفین کو پہنچے گا۔
نیپرا اتھارٹی میں 2 الگ الگ دائر درخواستوں کے مطابق بیگاس پر چلنے والے 9 پاورپلانٹس اور 2002 کی پاور پالیسی کے تحت لگنے والے 2 آئی پی پیزنے اتھارٹی سے ٹیرف پرنظرثانی کی درخواست کی ہے۔
ٹیرف میں کمی کے لیے آئی پی پیز اورسینٹرل پرچیزنگ پاورایجنسی نے نیپرا میں ایک مشترکہ درخواست دائر کی ہے اور نیپرا 16 اپریل کو ان درخواستوں پرسماعت کرے گا۔
دونوں درخواستوں پر نیپرا اتھارٹی سماعت میں بیگاس پاور پلانٹس کے ٹیرف فیول کاسٹ کمپونینٹ کاجائزہ لے گی جبکہ نیپرا میں اس سے پہلے 2002 کی پاور پالیسی کے تحت 7 آئی پی پیز نے درخواست جمع کرائی تھی۔
وفاقی کابینہ نے ان آئی پی پیزکے ساتھ دسمبر 2024 اور جنوری 2025 میں نظرثانی معاہدوں کی منظوری پہلے ہی دے دی تھی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت بجلی صارفین کو قیمتوں میں واضح کمی کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لاتے ہوئے آئی پی پیز کے ساتھ نظر ثانی شدہ معاہدوں کے علاوہ فیول کاسٹ سہہ ماہی اور پیداواری لاگت میں کمی کیلئے کوشاں ہے جس کے لیے کچھ روز قبل وزیراعظم بجلی صارفین کو 7 روپے 41 پیسے تک کے مجموعی ریلیف کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔
Comments are closed on this story.