بولی وڈ کی رومانوی جوڑی کا مجسمہ لندن میں نصب کرنے کا فیصلہ
بولی ووڈ کی مشہور رومانوی جوڑی شاہ رخ خان اور کاجول کا کانسی کا مجسمہ لندن کے مشہور لیسٹر اسکوائر پر نصب کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اعزاز ان کی 1995 کی مشہور فلم ”دل والے دلہنیا لے جائیں گے“ کے 30 سال مکمل ہونے کے موقع پر دیا جا رہا ہے۔
یہ پہلی بھارتی فلم ہے جسے اس عالمی اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔
شاہ رخ خان اور کاجول کا کانسی کا یہ مجسمہ لندن کے مشہور لیسٹر اسکوائر کے ”سینز اِن دی اسکوائر“ (Scenes in the Square) میں نصب کیا جائے گا۔
شاہ رخ خان دیوالیہ ہو گئے؟ نجومی نے اداکار کے ’منّت‘ چھوڑنے کی وجہ بتا دی
مجسمے میں شاہ رخ اور کاجول کو فلم کے ایک یادگار منظر میں دکھایا جائے گا، جس میں دونوں مرکزی کردار پہلی بار ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ یہ مجسمہ اسی مقام پر لگایا جائے گا جہاں فلم میں یہ سین فلمایا گیا تھا، یعنی اوڈین سنیما کے سامنے لیسٹر اسکوائر کی مشرقی چھت پر۔
یہ رومانوی فلم برطانیہ اور بھارت کے درمیان بسنے والے تارکین وطن کی زندگی، ثقافت اور جذبات کو بڑی خوبصورتی سے پیش کرتی ہے۔
فلم کا زیادہ تر حصہ لندن میں فلمایا گیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں رہنے والے ایشیائی افراد کے لیے یہ فلم ایک جذباتی وابستگی رکھتی ہےاور وہ اس پرفخر محسوس کرتے ہیں۔
فلم کے مناظر اور اس کے مشہور ڈائیلاگ آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ اس مجسمے کے اعلان کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔
Comments are closed on this story.