پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا کامیاب انعقاد، عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت
پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں عالمی دلچسپی میں اضافہ ہوگیا ہے، اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ ”پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم“ میں دنیا بھر سے مندوبین، سرمایہ کاروں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے او جی ڈی سی ایل کے سی ای او احمد حیات نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری سے کان کنی کے شعبے میں نمایاں ترقی کی جا سکتی ہے۔
ریکوڈک مائننگ کمپنی کے نمائندے رسل ہاورڈ نے فورم سے خطاب میں بتایا کہ ریکوڈک منصوبے کا پہلا مرحلہ رواں سال شروع کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ 286 کلومیٹر رقبے پر محیط ہے جہاں سونے اور تانبے کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جن کا مجموعی حجم 5.9 ارب ٹن سے زائد ہے۔
فورم میں ریکوڈک منصوبے پر تفصیلی سیشنز اور پینل ڈسکشنز کا انعقاد کیا گیا، جس میں آذربائیجان کے وزیر معیشت مکائیل جباروف، امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار ایرک مئیرز، سعودی عرب کے نائب وزیر صنعت عبداللہ العینیزی سمیت 300 سے زائد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
امریکی وفد کی وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں
امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر اہلکار ایرک مئیر کی قیادت میں آنے والے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں منرل فورم کی کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد دی گئی۔ وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ باہمی تعاون کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
بعد ازاں، امریکی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں فورم کے تناظر میں باہمی تعاون اور معدنیات کی تلاش میں شراکت داری پر گفتگو ہوئی۔ امریکی وفد نے پاکستان کی معدنی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا اور فورم میں بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔
امریکی سفارت خانے کے مطابق ایرک مئیر نے پاکستان میں کاروباری مواقع، معاشی تعاون اور انسداد دہشت گردی جیسے شعبوں میں اشتراک کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کی معدنی صلاحیت کو ذمہ داری اور شفافیت سے بروئے کار لایا جائے تو یہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
ایرک مئیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ مل کر معدنی شعبے میں سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون اور وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے کام جاری رکھے گا۔
Comments are closed on this story.