مسافر ٹرینوں کو مکمل آؤٹ سورس کرنا ٹارگٹ ہے، حنیف عباسی
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ مسافرٹرینوں کو مکمل آؤٹ سورس کرنا ٹارگٹ ہے، مسافر ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد کم ہو رہی ہے، 31 دسمبرتک فریٹ ٹرینوں کی تعداد دوگنا کی جائےگی۔ 10 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا پلان طلب کیا ہے۔
لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ریلوے کے حوالے سے مختلف اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے لیے جو ٹارگٹ سیٹ کیے گئے تھے، وہ پورے ہو رہے ہیں اور حکومتی سطح پر مکمل طور پر ریلوے کے شعبے میں اصلاحات کی جانب پیشرفت ہو رہی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ مسافر ٹرینوں کو مکمل طور پر آؤٹ سورس کرنے کا ٹارگٹ ہے، تاکہ ریلوے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ فریٹ ٹرینوں کے حوالے سے بھی ایک نئی حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس کا مقصد ملک بھر میں مال برداری کے نظام کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 31 دسمبر تک فریٹ ٹرینوں کی تعداد کو دوگنا کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے مال برداری کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
وزیر ریلوے نے تسلیم کیا کہ حالیہ برسوں میں مسافر ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد میں کمی آئی ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ اس کا حل تلاش کیا جا رہا ہے اور مریم اورنگزیب کے ساتھ ایک طویل میٹنگ میں اس بارے میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کے اندر مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ سفر کو زیادہ آرام دہ اور محفوظ بنایا جا سکے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ 10 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے ایک منصوبہ طلب کیا گیا ہے، جس سے ٹرینوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریلوے کے شعبے میں مزید اصلاحات کی جائیں گی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں اور ملک بھر میں ریلوے کے نظام کو ایک نئی زندگی مل سکے۔
Comments are closed on this story.