Aaj News

جمعرات, مئ 08, 2025  
10 Dhul-Qadah 1446  

بلوچستان میں معاملے کے حل کی سیاسی کوششیں تیز، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی نواز شریف سے ملاقات

دونوں رہنماؤں کا بلوچستان کے حالیہ واقعات، دہشت گردی کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اپ ڈیٹ 09 اپريل 2025 06:44pm
ملاقات کی تصویر
ملاقات کی تصویر

بلوچستان میں معاملے کے حل کی سیاسی کوششیں تیز ہوگئیں، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے نوازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بی این پی کے دھرنے اور کارکنوں کی رہائی پر کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچنے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو نواز شریف سے امیدیں ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے۔ سیاسی طریقے سے حل ہوگا۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نیشنل پارٹی کے وفد کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ وفد میں نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر سردار کمال خان بنگلزئی ، سینیٹر جان محمد بلیدی ، میر محمد اسلم بلوچ، میر شاوس بزنجو ، رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ ، اور ایوب ملک شامل تھے۔

ملاقات میں میاں نواز شریف کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز خان صادق، وفاقی وزرا خواجہ آصف، احسن اقبال ، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنااللہ، سردار اویس خان لغاری، پرویز رشید اور خواجہ سعد رفیق شامل تھے، میاں نواز شریف نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کے رفقا کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔

ملاقات میں بلوچستان میں گزشتہ دنوں سے پیدا شدہ پیچیدہ صورتحال ، سیاسی و معاشی عدم استحکام ، پسماندگی سمیت دیگر اہم قومی و سیاسی نوعیت کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے میاں نوازشریف کو بلوچستان کے مسائل کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں اور بلوچستان میں دیگر سیاسی کارکنوں کی گرفتاری اور ان کی رہائی کے لیے بی این پی مینگل کے احتجاجی لانگ مارچ اور دھرنا حوالے سے مذاکرات میں پیدا ہونے والی ڈیڈ لاک کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان کے سیاسی و دیگر مسائل کے حل کرنے کے حوالے سے کردار ادا کرنے کی اپنا سیاسی و جمہوری کردار ادا کرنے کے گزارشات کیں۔

سابق وزیراعظنم میاں نواز شریف نے اتفاق کرتے ہوئے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم اور دیگر حکام سے مشاورت سے اقدامات اٹھانے کی بات کی۔

میاں نوازشریف اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان کے سلگتے معاملات کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے اس کی فوری حل پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں بلوچستان کے انتظامی و ترقیاتی مسائل کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ نوجوانوں کے مسائل، طلبا کے اسکالرشپ سمیت بلوچستان کے بارڈر پر ہونے والے تجارت کو قانونی پوزیشن دینے اور ماہیگیری کے فروغ اور غیر قانونی شکار پر پابندی لگانے پر زور دیا۔

بلوچستان کے شاہراہوں کے کام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور کام کی رفتار کو تیز کرنے پر وزیرمنصوبہ بندی و پلاننگ کو ہدایات جاری کئے گئے۔ بلوجستان میں جاری لوڈشیڈنگ اور کیسکو کی غیر زمہ دارانہ روئیے اور ٹرانسفارمروں کی مرمت نہ کرنے اور ایران سے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے میاں نواز شریف کو دورہ بلوچستان کی دعوت بھی دی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نواز شریف کو مہنگائی کی رفتار اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے پر مبارکباد دی۔

بلوچستان دو دہائیوں سے خون میں رنگا ہوا ہے، عبدالمالک بلوچ

ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ میں نواز شریف اور لیگی رہنماوں کا مشکور ہوں کہ ہمارے خیرسگالی وفد کو بھرپور احترام دیا، بلوچستان دو دہائیوں سے خون میں رنگا ہوا ہے اور اس دوران نواز شریف کا کردار بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو نواز شریف سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اور انہوں نے نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ بی این پی مینگل کے دھرنے اور خواتین کی جیلوں میں موجودگی پر اپنا کردار ادا کریں۔

عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ دوبارہ اپنے کردار کو فعال کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور اس کا حل سیاسی طور پر ہی ممکن ہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بے گناہ افراد کے قتل کی مذمت کی۔

نواز شریف بلوچستان میں امن کیلئے اپنا سیاسی اور جمہوری کردار ادا کریں گے، سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ سینیئر سیاستدان کے طور پر بلوچستان کے مسائل میں اپنا کردار ادا کریں، نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بلوچستان میں امن کے لیے اپنا سیاسی اور جمہوری کردار ادا کریں گے۔

سعد رفیق نے کہا کہ جب نواز شریف وزیر اعظم تھے اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ وزیر اعلی تھے، تب بلوچستان میں ترقی ہوئی تھی۔ بدقسمتی سے جمہوریت میں تعطل آیا جس کی وجہ سے صورتحال یہاں تک پہنچی۔ نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ذاتی طور پر اس مسئلے میں دلچسپی لے کر اس کا حل نکالیں گے۔

عمران خان جب تک سیاستدانوں سے گفتگو نہیں کریں گے، مسئلہ حل نہیں ہو گا، رانا ثنا اللہ

جاتی عمرہ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب تک سیاستدانوں سے گفتگو نہیں کریں گے، مسئلہ حل نہیں ہو گا، بلوچستان میں پی ٹی آئی سٹیک ہولڈر نہیں ہے، سیاسی مسائل سیاستدان ہی گفتگو کے ذریعے حل کر سکتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں بیٹھ کر ہی مسائل حل کریں گی۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پنجاب سندھ کا ایک قطرہ پانی بھی چوری نہیں کرے گا، کچھ نام نہاد قوم پرست جماعتیں غلط گیم کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی نے بھی اپنی جگہ بنانی ہے، نہری پانی پر معاملہ اتفاق رائے سے حل ہو جائے گا۔

نواز شریف سے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی ملاقات

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے جاتی امراء میں ملاقات کی۔

اویس لغاری نے پارٹی قائد کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات، اوپن مارکیٹ کے قیام سے بجلی مزید سستی کرنے، بجلی چوری اور گردشی قرض سے مستقل نجات پر اقدامات سے آگاہ کیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے اویس لغاری کو بجلی کی قیمتوں میں کمی پر مبارک دی۔

اس موقع پر گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے عوام کے ریلیف اور ملک کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور یہی ہماری روایت ہے، یہی ہماری سیاست ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عوام سے کئے وعدے پورے ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ آپ کی راہنمائی نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو کامیاب کیا۔

Nawaz Sharif

abdul malik baloch

AbdulMalik Baloch