Aaj News

جمعرات, مئ 08, 2025  
10 Dhul-Qadah 1446  

نہیں چاہتی کہ میری بیٹیاں شوبز انڈسٹری کا حصہ بنیں، آمنہ ملک نے بتادیا

ہماسرے ہاں اداکار بننے کی جدوجہد کے سفر میں بہت سی اور چیزیں بھی شامل ہوتی ہیں
شائع 09 اپريل 2025 02:15pm

پاکستان کی معروف اداکارہ آمنہ ملک نے شوبز انڈسٹری میں ہونے والی بدسلوکیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کو اس انڈسٹری کا حصہ نہیں بنانا چاہتیں۔

اداکارہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا کہ انڈسٹری میں جدوجہد اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور ان مشکلات کا اثر بعض اوقات انسان کی شخصیت پر بھی پڑتا ہے۔

آمنہ ملک نے ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو کے دوران مختلف سوالات کے جوابات دیے اور شوبز انڈسٹری میں خواتین کی صورتحال پر تفصیل سے بات کی۔

انہوں نے کہا، ”میں نے ساری زندگی اس انڈسٹری میں گزاری ہے اور ابھی بھی اس کا حصہ ہوں، مگر میں نہیں چاہوں گی کہ میری بیٹیاں اس شعبے سے وابستہ ہوں۔“ انہوں نے اپنی اس بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اداکار بننے کے لیے صرف محنت نہیں بلکہ بہت ساری اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، جو کہ ہر کسی کے لیے آسان نہیں ہوتا۔

آمنہ ملک نے اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارائیں اکثر دیگر اداکاراؤں اور عملے کے ساتھ برا رویہ اختیار کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا، ”جس طرح سے بات کی جاتی ہے، میں کبھی نہیں چاہوں گی کہ میری بیٹی سے کوئی اس طرح بات کرے یا اُسے بری نظر سے دیکھے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹری میں بعض لوگ خواتین کو غیر ضروری پیشکشیں کرتے ہیں اور ان پیشکشوں سے انکار کرنا پڑتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کئی بار اداکاراؤں کو عملے یا ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ منفی رویہ اختیار کرتے دیکھا ہے، تاہم مرد اداکار اس طرح کا رویہ نہیں اپناتے۔ ”مردوں میں یہ عادت نہیں ہوتی کہ وہ کسی کو سیٹ پر بلا وجہ ڈانٹیں یا کم تر محسوس کروائیں۔“ ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں کچھ ایسے لوگ ہیں جو کام سے زیادہ ذاتی تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، جو کہ ایک غیر ضروری اور غیر پیشہ ورانہ رویہ ہے۔

آمنہ ملک کی دو بیٹیاں ہیں اور وہ ہمیشہ اپنی بیٹیوں کے لیے ایک محفوظ اور پُر سکون ماحول چاہتی ہیں، جہاں وہ خود کو عزت اور احترام کے ساتھ محسوس کریں۔

خاتمہ

entertainment

lifestyle

شخصیات