کراچی ڈیفنس میں غیر ملکی فوڈ چین ریسٹورنٹ پر مشتعل افراد کی توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی فوڈ چین ریسٹورنٹ پر مشتعل افراد کی توڑ پھوڑ کے واقعے کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد سگنل پر غیر ملکی فوڈ چین پر مشتعل افراد کی جانب سے کی گئی توڑ پھوڑ کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ متاثرہ ریسٹورنٹ کے ملازم شاہ زیب کی مدعیت میں ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا، جس میں متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق شاہ زیب اور دیگر ملازمین معمول کے مطابق کام میں مصروف تھے کہ اچانک ڈنڈا بردار افراد کی ایک بڑی تعداد ریسٹورنٹ کی طرف بڑھتی دکھائی دی، حملہ آوروں نے داخل ہوتے ہی شیشے توڑ دیے، فرنیچر کو نقصان پہنچایا اور ٹی وی سمیت دیگر اشیاء تباہ کر ڈالیں۔
متن کے مطابق ریسٹورنٹ کے عملے نے جب باہر نکل کر صورت حال کا جائزہ لیا تو قریبی پیزا فرنچائز کے شیشے بھی چکناچور نظر آئے۔ ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس موقع پر پہنچی، جس پر مشتعل افراد وہاں سے فرار ہونے لگے۔
کراچی کے علاقے ڈیفینس میں غیر ملکی فوڈ چین ریسٹورنٹ پر مشتعل افراد کا حملہ ، توڑ پھوڑ کر دی
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے دو افراد منصور اور محمد حسن کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جو ابتدائی معلومات کے مطابق سرکاری ملازم ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں دیگر 30 سے 35 افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے، جن کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔
مقدمے میں شامل دفعات
پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں ہنگامہ آرائی، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے، دھمکیاں دینے اور سرکاری امن میں خلل ڈالنے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
پس منظر
یاد رہے کہ یہ واقعہ حالیہ دنوں میں پیش آیا جب کچھ مشتعل مظاہرین نے مبینہ طور پر فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر ملکی ریسٹورنٹس کو نشانہ بنایا، ڈیفنس میں ہونے والا یہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی بتایا جا رہا ہے۔
Comments are closed on this story.