Aaj News

منگل, اپريل 22, 2025  
23 Shawwal 1446  

وزیراعظم کی امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

وزیراعظم سے امریکی وفد کی ملاقات، معدنی شعبے میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
اپ ڈیٹ 09 اپريل 2025 03:01pm

وزیرِاعظم شہبازشریف سے امریکی محکمہ خارجہ کے سینئرعہدیدار ایرک مئیر نے ملاقات کی، جس میں معدنی شعبے میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے، امریکی کمپنیوں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونا چاہیئے۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے ایرک میئر، سینئر بیورو آفیشل اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری، بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز، یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کی قیادت میں امریکی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، یہ وفد پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے اور امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونا چاہیئے۔

دوطرفہ تناظر اور علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی وسیع استعداد کا اعتراف کیا اور امریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی امریکی خواہش کا بھی اظہار کیا جبکہ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو پاکستان سے تعاون کرنا ہوگا، محسن نقوی

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان کے دورے پر آئے امریکی وفد کے سربراہ اور امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاکستان امریکا کے تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دہشت گردی، اسمگلنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں میں باہمی اشتراک کار کو بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر سینئر امریکی عہدیدار ایریک میئر نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا اور مطلوب دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جون میں اسلام آباد میں مشترکہ کاونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا انعقاد انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں تعاون کو مزید بڑھانے میں اہم ثابت ہوگا، محسن نقوی نے ایریک مئیر کو انسداد دہشت گردی کے سلسے میں لئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کی جنگ نہیں، اس سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو پاکستان سے تعاون کرنا ہوگا، پاکستان منزلز انویسٹمنٹ فورم کے ذریعے امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، اس ضمن میں امریکی وفد کا دورہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

ایریک میئر نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے تحت فراہم کردہ مواقعوں میں دلچسپی کا اظہارکیا۔

ملاقات میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر،وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے، ایریک میئر کی سربراہی میں امریکی وفد پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں شرکت کر رہا ہے۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

mohsin naqvi

interior mimister

Eric Meyer