Aaj News

جمعرات, مئ 08, 2025  
10 Dhul-Qadah 1446  

لاہور ہائیکورٹ کا پی ڈی ایم اے کو پنجاب میں واٹر ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنے کی ہدایت

جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری آرڈر جاری کردیا
شائع 09 اپريل 2025 10:10am

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ تدارک کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری آرڈر جاری کردیا، عدالت نے پی ڈی ایم اے کو پنجاب میں واٹر ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنے اور واٹر ایمرجنسی پر غور و خوض کے لیے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو پنجاب کابینہ کو سمری بھیجنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

تحریری حکم نامے کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پانی کی سنگین صورتحال سے متعلق رپورٹ جمع کرائی، رپورٹ میں پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کی پنجاب بھر میں خشک سالی کی الرٹ کا تذکرہ کیا گیا ہے، خشک سالی کے الرٹ میں دریاؤں میں جمع شدہ پانی کی انتہائی کمی کی جانب اشارہ کیا گیا ہے، زیر زمین پانی کے حوالے سے یہ ایک خطرناک صورتحال ہے، اسٹیک ہولڈرز کو فوراً اقدامات اٹھانے چاہیئے۔

لاہور ہائیکورٹ کی پنجاب حکومت کو ایک بار پھر واٹر ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز

تحریری حکم نامہ میں لکھا گیا کہ رپورٹ میں تمام اداروں کی پی ڈی ایم اے کے ساتھ بہتر کوآرڈینیشن کے لیے کمیٹی کی نامزدگی کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، کمیٹی پانی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق رپورٹ جمع کرائے، پی ڈی ایم اے پنجاب بھر میں واٹر ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنے کو یقینی بنائے، ڈی جی پی ڈی ایم اے اس معاملے پر غور و خوض کے لیے پنجاب کابینہ کو ایک سمری بھیجیں۔

حکم نامہ میں یہ بھی لکھا گیا کہ وکیل پنجاب حکومت نے جوائنٹ رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز لاہور کا آرڈر عدالت میں پیش کیا، آرڈر میں تمام کوآپریٹو سوسائٹیز کو پانی کے بچاؤ کے حوالے سے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رہائشی علاقوں میں پائپ کے استعمال اور گاڑیاں دھونے پر پابندی کے حوالے سے ایک اور حکم جاری کیا جائے گا، نئے آرڈر میں نہ صرف رہائشیوں بلکہ متعلقہ سوسائٹی کی انتظامیہ پر جرمانے کا بھی ذکر کیا جائے گا۔

عدالت نے واٹر ایمرجنسی پر غور و خوض کے لیے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو پنجاب کابینہ کو سمری بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 اپریل تک ملتوی کر دی۔

PDMA

smog case

Water Emergency

lahore highcourt