پشاور: ٹارگٹ حملے میں شہید عالم دین کے قتل کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل
پشاور میں تھانہ پشتخرہ کی حدود میں گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے عالم دین اعجاز کے قتل کی تحقیقات کے لئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے پشتخرہ میں ہونے والے ٹارگٹ کلنگ واقعہ کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن ، ایس پی کینٹ اور سی ٹی ڈی تفتیشی یونٹ شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے، سی سی ٹی وی فوٹیجز چیک کی جا رہی ہیں۔ واقعہ میں زخمی قاری شاہد کا بیان تاحال قلم بند نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق جے آئی ٹی تشکیل کا مراسلہ سی ٹی ڈی کو ارسال کر دیا گیا ہے، واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کیا جائے گا۔
پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں گی، جائے وقوع سے تفتیشی ٹیم نے 30 بور پستول کے خول برآمد کئے ہیں۔ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کے لئے پولیس نے جگہ جگہ ناکہ بندی کرکے چیکنگ مزید سخت کردی گئی ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی ٹمیں بھی تفتیش کررہی ہیں سی سی ٹی وی فوٹیجز چیک کی جا رہی ہے، کیس میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، زخمی قاری شاہد اللہ کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا، فائرنگ سے مولانا اعجاز شہید اور قاری شاہد اللہ زخمی ہوا تھا۔
Comments are closed on this story.